سکرنڈ میں بے گناہ دیہاتیوں کے قتل کے خلاف آئینی درخواست دائر

کراچی: سندھ ہائیکورٹ میں سکرنڈ کے گاؤں ماڑی جلبانی میں بےگناہ دیہاتیوں کے قتل کے واقعہ کے خلاف آئینی درخواست دائر کردی گئی ہے۔

زرائع کے مطابق عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے آئندہ سماعت کے لئیے فریقین کو نوٹس جاری کردیے,بیرسٹر صلاح الدین احمد نے درخواست گزاروں کی جانب سے درخواست پر دلائل دیئے۔

حکومت سندھ، وزیر داخلہ سندھ اور دیگر فریقین کو نوٹسز جاری کئے گئے ہیں۔ درخواست سندھ بار کونسل کے سابق وائس چیٸرمین ذوالفقار جلبانی اور تہماس رضوی ایڈووکیٹ نے دائر کی۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ بے گناہ دیہاتیوں کے قتل کے ملزموں کو گرفتار کیا جائے۔

سکرنڈ کے گاؤں ماڑی جلبانی کے سانحے کی انکوائری کیلئے ہائیکورٹ کے حاضر سروس جج کی سربراہی میں جوڈیشل کمیشن تشکیل دیا جائے، جوڈیشل کمیشن بنا کر واقعہ کی بالواسطہ تحقیقات کرائی جائیں۔

بیرسٹر صلاح الدین نے مؤقف اپنایا کہ بے گناہ دیہاتیوں کے قتل میں ملوث اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے۔

درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ سکرنڈ کے گاؤں ماڑی جلبانی میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے چھاپہ مارا تھا۔

واقعہ میں فائرنگ سے چار افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔ فائرنگ سے عورتوں اور بچوں سمیت 12 دیہاتی شدید زخمی ہوئے تھے۔

درخواست میں استدعا کی گئی کہ واقعہ میں ملوث اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔ عدالت نے درخواست پر سماعت ایک ہفتے کے لیے ملتوی کردی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں: