کراچی:آباد( بلڈرز اینڈ ڈیولپرز )نے معاشی ترقی کے لیے سندھ میں تعمیراتی شعبے کے فروغ، بلڈرز و ڈیولپرز کی تحفظات دور کرنے کیلیے متعلقہ محکموں کو فوری مطلوبہ اقدامات بروئے کار لانے کی ہدایات پر نگراں صوبائی وزیر ہاؤسنگ وبلدیات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ متعلقہ حکام جاری کردہ احکامات پر عملدرآمد کرانے کیلیے سنجیدہ اقدام اٹھائیں گے۔
آباد کے چیئرمین آصف سم سم نے کہا ہے کہ تعمیراتی صنعت زراعت کے بعد پاکستان میں سب سے زیادہ روزگار فراہم کرنے والا شعبہ ہے اور اس کے ساتھ تعمیراتی شعبے کے متحرک ہونے سے 100 سے زیادہ ذیلی صنعتوں کا پہیہ بھی چلنے لگتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آباد ملکی معیشت کی بہتری کیلیے نگراں صوبائی وزیر محمد مبین جمانی کو مکمل سپورٹ کرنے کا عزم رکھتی ہے۔ پاکستان میں ایک کروڑ 20 لاکھوں گھروں کی کمی ہے جن میں سب سے زیادہ گھروں کی طلب کراچی سمیت سندھ کے دیگر شہروں میں ہے۔
انہوں نے بتایا کہ آباد سندھ میں جاری رہائشی و کمرشل پروجیکٹس کو مکمل کرنا چاہتی ہے لیکن اس کے لیے بہت ساری رکاؤٹوں کا سامنا ہے۔ تاہم ان رکاؤٹوں کو دور کرنے کے لیے صوبائی وزیر محمد مبین جمانی نے مثبت اقدام اٹھانا شروع کیے ہیں۔
چیئرمین آباد نے کہا کہ ہم نگراں صوبائی وزیر کے اقدام کو سراہتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ سندھ اور پاکستان کی معیشت کے بہتری کے لیے نگراں صوبائی وزیر کے احکام پر من وعن عمل کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ صوبائی زیر محمد مبین جمانی نے بلڈرز و ڈیولپرز وفد کے ساتھ ملاقات کے دوران ایس بی سی اے سمیت تمام متعلقہ اداروں کو احکام جاری کیے تھے کہ تمام رکاؤٹوں کو ختم کرتے ہوئے بلڈنگ پلان،تکمیل سمیت تمام زیر التوا مور کو 15 روز کے اندر اندر حل کیا جائے اور یہ کہ نگراں حکومت کے اٹھائے گئے اقدام کے فوائد عوام تک پہنچنے اور نظر آنے چاہیں۔