کراچی:مدینہ سے ملتان پہنچنے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 716 کی لینڈنگ کے بعد بوئنگ 777 طیارے کے معائنے کے دوران انکشاف ہوا کہ ہوائی جہاز کے 18 ٹائروں میں سے ایک ٹائر نمبر سات پنکچر تھا۔
پی آئی اے بوئنگ 777 طیارے نے مبینہ طور پر اسی پنکچر ٹائر کے ساتھ لینڈنگ کی، اس طیارے کو ملتان سے مدینہ کے لیے جمعے کی شام 7 بج کر 40 منٹ پر روانہ ہونا تھا مگر تکنیکی بنیادوں پر روانگی روک دی گئی اور لاہور سے طیارے کا نیا ٹائر منگوایا گیا۔ عمرے کے مسافر نو گھنٹے 16 منٹ تک ملتان ایئرپورٹ پر اذیت کا شکار رہے، یہ پرواز ہفتے کی صبح چار بج کر 56 منٹ پر مدینہ کے لیے روانہ ہوئی۔اس طیارے نے مدینہ سے کراچی کے لیے پرواز آپریٹ کرنا تھی۔
ملتان ایئرپورٹ سے روانگی میں تاخیر کی وجہ سے پی آئی اے کی مدینہ سے کراچی کی پرواز پی کے 747 کی روانگی میں 10 گھنٹے سے زائد کی تاخیر ہوئی اور کراچی کے عمرہ زائرین کو مدینہ ایئرپورٹ پر غیر معمولی انتظار کرنا پڑا۔یاد رہے کہ رجسٹریشن اے پی بی ایچ وی کا حامل 16 سال پرانا یہ وہی بوئنگ 777 طیارہ ہے جو 14 اور 15 ستمبر کو ملتان ایئرپورٹ پر فنی خرابی کا شکار رہا۔
پی آئی اے کے اسی طیارے میں 18 ستمبر کو بھی جدہ ایئرپورٹ پر فنی خرابی پیدا ہوئی تھی۔ 28 ستمبر کو جدہ ایئرپورٹ سے لاہور کے لیے روانگی کے وقت بھی طیارے میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا تھا جس بنا پر طیارہ 30 ستمبر تک جدہ ایئرپورٹ پر کھڑا رہا تھا۔
علاوہ ازیں کراچی میں طیاروں کی کمی کی وجہ سے پی آئی اے کا فلائٹ آپریشن شدید بدنظمی کا شکار ہوگیا، اندورن و بیرون ملک جانے والی پروازیں تاخیر سے روانہ ہونا معمول بن گیا۔کراچی، لاہور، اسلام آباد اورملتان سے بیرون ملک جانے اورآنے والی پروازیں کئی گھنٹے تاخیرکا شکار ہیں۔لاہورسے مدینہ جانے والی پرواز 4 گھنٹے تاخیر کا شکار ہوگئی، پرواز دوپہر3 بجے لاہورسے مدینہ روانہ ہوگی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ریاض سے لاہور آنے والی پرواز 4 گھنٹے تاخیرکا شکار ہوگئی، مدینہ سے لاہورآنے والی پرواز پی کے 714 ساڑھے 3 گھنٹے تاخیر کا شکار ہوگئی۔دبئی سے آنے والی پی کے 204، 1گھنٹہ، شارجہ سے لاہور آنے والی پی کے 186 ڈھائی گھنٹے تاخیرکا شکار ہوگئی، جبکہ لاہور سے جدہ جانے والی پرواز بھی تاخیرکا شکار ہوگئی۔لاہورتا کراچی، پرواز پی کے307 بھی 2 گھنٹے تاخیرکا شکار، کراچی سے جدہ جانیوالی پی کے731 بھی 8 گھنٹے تاخیرکا شکار ہوئی، پرواز نے صبح 8 بجے روانہ ہونا تھا، طیارہ نہ ہونے سے پروازکی شام4بجے روانگی متوقع ہے۔