کراچی : پولیس کارروائیوں میں کیش وین ڈکیتی میں ملوث 4 ملزم گرفتارکرلیے گئے،طالبات کو ہراساں کرنیوالا بھی پکڑا گیا،کومبنگ آپریشن میں 14 افغانیوں کو حراست میں لے لیا گیا۔
قتل کے الزام میں ملزم باپ بیٹے کو گرفتارکرلیا گیا، ایس ایس پی کورنگی حسن سردارنیازی نے اپنے دفترمیں پریس کانفرنس میں بتایا 19 ستمبر2023 کو کورنگی انڈسٹریل ایریا میں کیشن وین کے ڈرائیورذوہیب سیکیورٹی گارڈ کو بہانے اتارکروین میں لیکرفرارہوگیا تھا اورکچھ فاصلے پروین چھوڑ کر 6 کروڑ35 لاکھ روپے لیکربھاگ گیا تھا۔
پولیس نے ابتدائی تفتیش میں مرکزی ملزم ذوہیب کے بھائی زین کو گرفتار کرکے بھاری رقم برآمد کی تھی۔
ملزم کی نشاندہی پراسکے تین ساتھیوں حامد،عطاالرحمن اورعرفان کو ہری پورہزارہ سے گرفتارکرکے مزید رقم برآمد کی،ایس ایس پی کورنگی کا کہنا ہے مرکزی ملزم ذوہیب اوررشید کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں ایس ایس پی نے مزید بتایا کورنگی انڈسٹریل ایریا میں قتل میاں بیوی کے قاتلوں کو گرفتارکرلیا گیا جبکہ اسی علاقے میں باپ بیٹے کے قتل میں ملوث ملزم پکڑے گئے جبکہ ایک ملزم مقابلے میں مارا گیا۔
علاوہ ازیں کلفٹن نیلم کالونی میں کومبنگ آپریشن کے دوران 14 افغان باشندوں کو حراست میں لے کر فارن ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا۔جوہر آباد تھانے کی حدود میں طالبات کے سامنے نازیبا حرکت کرکے انہیں ہراساں کرنے والا ملزم بھی پکڑا گیا ،ایڈیشنل آئی جی کراچی خادم رند کے مطابق موٹرسائیکل پرفحش حرکات کرنے والے کو بلاک 15 کے نزدیک سے گرفتارکیا گیا جسکی شناخت عدیل کے نام سے ہوئی ہے،خادم رند نے بتایا کہ تلاشی کے دوران اس کی جیب سے منشیات ملی،ڈی آئی جی ویسٹ عاصم قائمخانی نے ملزم کی گرفتاری کیلئے ٹیم بنائی تھی،اس کیخلاف جوہر آباد تھانے میں مقدمہ درج ہے جبکہ اس کیخلاف ایک اورمقدمہ درج کیا جائیگا۔ادھرسرجانی پولیس نے لیاری سیکٹر35 میں کارروائی کرتے ہوئے 75 سالہ بابا رمضان کے قتل میں ملوث باپ بیٹے کو پکڑ لیاگیاہے ۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتارافراد نے 4 اکتوبرکو تیسر ٹاؤن میں گھریلو جھگڑے کے دوران 75 سالہ رمضان کو قتل کردیا تھا،ایس ایس پی ویسٹ مہزورعلی کے مطابق 4 اکتوبرکو ہونے والے اس جھگڑے کی وجہ وٹے سٹے کی شادی تھی،مقتول پرانکے داماد بلال اورسمدھی ریاض اورسمدھن ماریہ نے تشدد کیا تھا،۔ ملیرسومارگوٹھ میں اسٹیٹ ایجنسی پرفائرنگ سے 2 افراد کے قتل کیس میں اجرتی قاتلوں کو لانے والے ملزم ظریف خان کوبھی حراست میں لے لیاگیاہے ۔ْایس ایس پی ملیرانویسٹی گیشن کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا جمرود سے 2 اجرتی قاتلوں حاجی اکبراورطارق آفریدی کو کراچی لاکرعلی رضا اوراسکے والد زوارکھوکھر کی سپاری دی گئی تھی۔