کراچی: نگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقرنے کہا کہ آرٹس کونسل کا ناصرف کراچی بلکہ پورے سندھ اورملک میں اپنے لوگوں کو عوامی مقامات دوبارہ جمع کرنیکا موقع فراہم کرنیکا عزم صرف اس میلے تک محدود نہیں،وہ سارا سال پاکستانی عوام کو باہرنکلنے اورمختلف تقریبات میں شرکت کرنے کے مواقع دیتے ہیں۔
یہ بات جسٹس (ر) مقبول باقرنے آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیراہتمام پاکستان تھیٹرفیسٹیول کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی،انہوں نے آرٹس کونسل آف پاکستان کی طرف سے منعقدہ تھیٹرمیں حصہ لینے والے ہدایت کاروں اورفنکاروں کو مبارکباد دی۔
جسٹس (ر) مقبول باقرنے کہا کہ اس فیسٹیول میں متعدد قومی تھیٹرگروپس کے علاوہ 7 بین الاقوامی گروپس نے بڑھ چڑھ کرحصہ لیا،مجھے یہ کہتے ہوئے بڑی خوشی ہورہی ہے کہ یہاں انکی موجودگی کے دوران مختلف قوموں سے تعلق رکھنے والے افراد کو پاکستان کے نرم پہلو کو دیکھنے اورہماری گرمجوشی سے مہمان نوازی کا تجربہ کرنیکا موقع ملا۔
جسٹس (ر) مقبول باقر نے کہا کہ آرٹس کونسل نے ان گروپوں کی شرکت اورمختلف قونصل خانوں کی شمولیت میں سہولت فراہم کی ہے جس سے پرامن ثقافتی تبادلے کے ہمارے پیغام کو مؤثرطریقے سے پہنچایا جارہا ہے،یہ فیسٹیول بین الاقوامی اہمیت کا حامل ہے اوریہ ایک ایسے وقت میں کیا گیا جب ہمارا اپنا معاشرہ متعدد چیلنجزسے دوچارہے،انہوں نے مزید کہا کہ یہ عمل امن اوررواداری کے اصولوں پرمبنی ہم آہنگ معاشرے کی تشکیل میں اجتماعی طورپرشامل ہونیکی دعوت ہے۔
جسٹس (ر) مقبول باقر نے مزید کہا کہ آئیے کراچی آرٹس کونسل کو تخلیقی صلاحیتوں،روشن خیالی اورسماجی ذمہ داری کا میناربنائیں،انہوں نے کہا کہ میری دعا ہے کہ ہمارے معاشرے میں فنِ لطیفہ کو فروغ ملے اورایک روشن خیال معاشرہ وجود پائے،پاکستان تھیٹرفیسٹیول آرٹ کی تبدیلی کی طاقت کا ثبوت ہے، آرٹس کونسل نے ان گروپوں کی شرکت اورمختلف قونصل خانوں کی شمولیت میں سہولت فراہم کی ہے جس سے پرامن ثقافتی تبادلے کے ہمارے پیغام کو مؤثرطریقے سے پہنچایا جارہا ہے۔