کراچی تاجر اتحاد نے لاقانونیت پر آرمی چیف سے اقدامات کی اپیل کردی

کراچی: تاجر اتحاد نے لاقانونیت پر آرمی چیف سے اقدامات کی اپیل کردی ،آرمی چیف کراچی میں جاری بدترین اسٹریٹ کرائم اور کھلی لاقانونیت کے خلاف بھی اقدامات کریں،کراچی کی کاروباری حیثیت بحال کئے بغیر ملک ترقی نہیں کرسکتا، ہنگامی بنیادوں پرمایوس کُن صورتحال کا خاتمہ، سرمایہ کاروں تاجروں اور صنعتکاروں کا اعتماد بحال کیا جائے۔

آل کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین عتیق میر نے پریس و میڈیا پر جاری کئے گئے ایک بیان میں کیا، انہوں نے ملک کے سب سے بڑے تجارتی شہر کراچی میں اسٹریم کرائم کے بڑھتے ہوئے واقعات پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ روشنیوں کا شہر اور معاشی حب کراچی مکمل طور پر مجرموں کے رحم و کرم پر ہے، شہر میں حکومتی رٹ ختم اور ڈاکو راج قائم ہوگیا ہے، فوج آئے، گورنر راج لگے یا پولیس و رینجرز کو اختیارات ملیں تاجروں کو ہر حال میں امن و امان اور جان و مال کا تحفظ دیا جائے، انہوں نے اعلان کیا کہ کاروباری ماحول نہ ملا تو پھر حکومت کو ٹیکس بھی نہیں ملے گا، عوام ہر گلی، محلے پر لٹ رہے ہیں، ڈاکو، لٹیرے، قاتل معمولی مزاحمت پر بے خوف و خطر انسانی خون بہارہے ہیں۔

آل کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین عتیق میر نے کہاکہ تجارتی سرگرمیاں منجمد اور نقد رقوم کی نقل و حمل خوف کی علامت بن گئی، جرائم پیشہ عناصر بے خوف اور قانون نافذ کرنے والے ادارے بے بس، ناکام اور لاچار نظر آتے ہیں انہوں نے کہا کہ کاروبار کرنا مشکل ہوگیا، تاجر دکانوں، بازاروں، گھروں اور بینکوں سمیت کہیں پر بھی محفوظ نہیں ہیں، شہر میں سرمایہ کاری کا ماحول ختم تاجر سرمائے سمیت بیرونِ شہر منتقل ہونے پر مجبور ہورہے ہیں، انہوں نے کہا کہ ناجائز اسلحہ کھلے عام دستیاب ہے، مجرموں کو طاقتور عناصر کی سرپرستی حاصل ہے یہی وجہ ہے کہ وہ دورانِ ڈکیتی قتل و غارتگری سے بھی دریغ نہیں کرتے۔

آل کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین عتیق میر نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ شہر میں ناجائز اسلحہ ضبط کرنے کیلئے آپریشن کیا جائے یا شہریوں اور تاجروں کیلئے بھی اسلحے کا حصول آسان بنایا جائے تاکہ وہ خود اپنی جان و مال کی حفاظت کرسکیں، انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پولیس میں شامل بدعنوان عناصر اوراعلیٰ سطح پر مجرموں کی سرپرستی سے شہر میں امن کی منزل دشوار ہوگئی ہے، گرفتاری سے عدالت تک مجرم کو سزا کا کوئی خوف نہیں، حوالات ہو یا جج کا چیمبر ہر سزا سے نجات کی قیمت مقرر ہوگئی، انہوں نے کہا کہ جرائم کے خلاف صرف آپریشن کافی نہیں سزا کا نظام بھی درست کرنا ہوگا، تھانے سے کچہری تک پورا نظام مجرم کے حق میں استوار ہوگیا ہے،جس معاشرے میں انصاف قیمتاً ملتا ہو وہاں جرائم میں اضافے کی رفتار کو نہیں روکا جا سکتا۔

آل کراچی تاجر اتحادنے امید ظاہر کی کہ تاجروں کا شہر میں قیامِ امن کا خواب ضرور پورا ہوگا، کراچی کا معاشی مستقبل تابناک اور امن کے دشمن بدترین انجام سے دوچار ہونگے۔