کراچی: نگران وزیر داخلہ سندھ بریگیڈیئر ریٹائرڈ حارث نواز نے کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے مرکزی دفتر کارساز کا دورہ کرکے جدید طرز پر بننے والے ہائیڈرنٹس مینجمنٹ سینٹر واٹر کارپوریشن کے کنٹرول روم کا معائنہ کیا، دورے کے دوران سی ای او واٹر کارپوریشن انجینئر سید صلاح الدین احمد اور سی او او واٹر کارپوریشن انجینئر اسداللہ خان موجود تھے، اس موقع پر سی ای او واٹر کارپوریشن نے نگران وزیر داخلہ سندھ کو جدید ہائیڈرنٹس مینجمنٹ سینٹر کے فوائد اور اس کی نگرانی کے طریقہ کار کے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔
نگران وزیر داخلہ سندھ بریگیڈیئر ریٹائرڈ حارث نواز نے سی ای او واٹر کارپوریشن کی جانب سے ہائیڈرنٹس مینجمنٹ سینٹر کے قیام کو سراہتے انہیں خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے واٹر کارپوریشن کی کارکردگی سمیت ادارے میں دیگر لائی جانے والی اصلاحات پر خوشی کا اظہار کیا، اس سے قبل نگران وزیر داخلہ سندھ نے ایم ڈی سیکریٹریٹ کارساز میں سی ای او واٹر کارپوریشن اور سی او او واٹر کارپوریشن سے ملاقات کرتے ہوئے شہر بھر میں پانی چوروں کے خلاف کارروائیوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
اس موقع پر سی ای او واٹر کارپوریشن نے نگران وزیر داخلہ سندھ بریگیڈیئر ریٹائرڈ حارث نواز کو پاکستان رینجرز اور واٹر کارپوریشن کی جانب سے جون تا اکتوبر 2023 تک غیر قانونی ہائیڈرنٹس کے خلاف مشترکہ ہونے والی کاروائیوں پر بریفنگ دی۔
نگران وزیر داخلہ سندھ بریگیڈیئر ریٹائرڈ حارث نواز نے پاکستان رینجرز اور واٹر کارپوریشن کی جانب سے غیر قانونی ہائیڈرنٹس کے خلاف کیے جانے والے اقدامات کو سراہتے ہوئے پاکستان رینجرز سمیت واٹر کارپوریشن کو پانی چوری اور غیر قانونی ہائیڈرنٹس کے خلاف کارروائیوں پر بھرپور تعاون کی یقین دھانی بھی کرائی۔
اس موقع پر نگران وزیر داخلہ سندھ بریگیڈیئر ریٹائرڈ حارث نواز کا کہنا تھا کہ واٹر کارپوریشن کے تمام منصوبوں کو جلد مکمل کرنے کے لیے نگران سندھ حکومت واٹر کارپوریشن کے ساتھ مکمل تعاون کریگی، انہوں نے کہا کہ کے فور سمیت 65 ایم جی ڈی منصوبوں کے حوالے سے قومی اور صوبائی نگران حکومت سے بات کی جائے گی، انہوں نے واٹر کارپوریشن حکام کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ شہر بھر میں تمام بوسٹرز کا خاتمہ یقینی بنانا جائے تاکہ شہریوں کو پانی کی فراہمی مزید بہتر ہوسکے، انکا مزید کہنا تھا کہ شہریوں کے حصے کا پانی کسی کو بھی چوری کرنے کی اجازت نہیں دینگے، اس موقع پر انہوں نے واٹر کارپوریشن حکام کو یقین دھانی کرواتے ہوئے کہا کہ وزارت داخلہ سندھ کے ماتحت تمام اداروں پر جو واٹر کارپوریشن کے بقایاجات ہے وہ جلد مکمل ادا کیے جائیں گے۔