کراچی : نگراں وزیر اعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقرنے ایم ڈی کیٹ 2023 کے داخلہ امتحان میں نقل اور بے قاعدگیوں کا نوٹس لیتے ہوئے نتائج منسوخ کرنے کا حکم جاری کر کے دوبارہ ٹیسٹ لینے کی ہدایت کردی۔
نگراں وزیراعلیٰ سندھ نے صوبے بھر میں ایم ڈی کیٹ کے ٹیسٹ دوبارہ کروانے کا حکم بھی جاری کیا۔ ترجمان وزیر اعلیٰ سندھ کے مطابق نگراں وزیراعلیٰ سندھ نے ڈاؤ یونیورسٹی کو ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ منعقد کرنے کی ہدایت دے دی۔
جسٹس (ر) مقبول باقر نے ایف آئی اے کو ایم ڈی ٹیسٹ کی انکوائری کرنے کی ہدایت دی اور کہا کہ ٹیسٹ دوبارہ منعقد کروانے کی تاریخ کا جلد اعلان کیا جائے۔
دوسری جانب متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی رابطہ کمیٹی نے ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ دوبارہ لینے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے حق کی فتح قرار دیا ہے۔ رابطہ کمیٹی نے کہا کہ طلبا و طالبات کا مستقبل تاریک ہونے سے بچ گیا اور یہ فیصلہ ایم کیو ایم کی کاوشوں کا نتیجہ ہے جس نے مسلسل اس سنگین جرم کیخلاف آواز بلند کی اور ایک بار پھر ایم کیو ایم یہ مطالبہ کرتی ہے کہ گزشتہ ٹیسٹ میں ہونے والی بے قاعدگیوں میں ملوث افراد کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے اور اس امر کو ممکن بنایا جائے کہ آئندہ ہونے والے ٹیسٹ صاف و شفاف طریقے سے منعقد ہوں۔