کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بطور قوم ہمیں اپنے ملک کی کم عمر لڑکیوں کی تعلیم، تربیت اور تحفظ کے لیے ابھی بہت کام کرنے کی ضرورت ہے، معصوم بچیوں کے خلاف امتیازی برتاوَ، گھریلو تشدد، جبری مشقت اور کم عمر شادیوں جیسے معاملات کی روکتھام کے لیے پوری قوم کو مل کر کام کرنا ہوگا۔
پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کم عمر لڑکیوں کے عالمی دن کے موقعے پر جاری کردہ اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کی کم عمر لڑکیاں بھی پاکستانی خواتین کی طرح بہادر اور باصلاحیت ہیں۔ سماج اور سرکار پابند ہیں کہ وہ بچیوں کو بہتر تعلیم و تربیت اور صحت کی سہولیات سمیت دوستانہ و مشفقانہ ماحول فراہم کریں۔ اگر بہتر ماحول اور حقوق کے استعمال کا موقع ملے، تو ہماری بیٹیاں حالات کو بدلنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ملک میں تمام شہریوں کے لیے یکساں حقوق اور مساوات میں یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے بانی چیئرمین و پاکستان کے پہلے منتخب وزیراعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ملک میں پہلی بار حکومتی سطح پر خواتین کے لیے ترقی پسند سوچ اور پالیسیوں کو متعارف کرایا۔ قائدِ عوام کا دیا ہوا 1973ع کا آئین قومی زندگی کے تمام شعبوں میں خواتین کی بھرپور شرکت کی حوصلہ افزائی کرتا ہے۔
پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے، اپنے دو مختصر ترین ادوارِ حکومت کے باوجود، پاکستانی لڑکیوں سمیت خواتین کی ترقی و بھبود کے لیے انقلابی اقدامات کیے، جن میں خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لیے قانونسازی شامل ہے۔ صدر آصف علی زرداری کی زیرِ قیادت سابق وفاقی حکومت ہو یا سندھ میں صوبائی حکومت، پاکستان پیپلز پارٹی کی عوامی حکومتوں نے کم عمر لڑکیوں سمیت ہر عمر کی خواتین کی ترقی و بھبود کی ایجنڈا کو ہمیشہ مقدم رکھا۔ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت وسیلہ تعلیم پروگرام اور سندھ میں غریب طالبات کے لیے اسکالرشپس جیسے اقدامات شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی پارٹی کے عزم کے آئینہ دار ہیں۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ یہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا خواب تھا کہ پاکستانی خواتین بااختیار ہوں اور زندگی کے ہر شعبے میں آگے آئیں۔ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے اس خواب کو پائیدار ترقی کی شکل میں ڈھالنے کے لیے ضروری ہے کہ ہم اپنی کم عمر بیٹیوں اور بہنوں کی بہتر تعلیم و تربیت اور تحفظ کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ آئندہ عام انتخابات میں کامیابی کے بعد بننے والی پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت ملک بھر کی کم عمر لڑکیوں کی سازگار ماحول میں نشونما کے لیے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے گی، کیونکہ صرف اس طرح ہی ہم پائیدار ترقی اور خوشحال مستقبل کی سمت بڑھ سکیں گے۔