لاہور : ،مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر وچیف آرگنائزر مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ عوام کو ترقی کے منصوبے اور خوشحالی دینے والا معمار وطن نواز شریف واپس آ رہا ہے۔
مریم نواز نے کہاکہ جبر کے طوفانوں میں ساتھ دینے والوں کو سلام پیش کرتی ہوں ، نواز شریف قوم کو پھر مہنگائی سے نجات ،سستی روٹی، سستا آٹا،سستی چینی دلانے آ رہا ہے۔
ان خیالات کا اظہار مریم نواز نے حلقہ این اے 133اور این اے 127کی یونین کونسلوں کے چیئرمینوں، کونسلروں اور کارکنوں سے ملاقات کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
مریم نواز نے کہا پاکستان پر اللہ تعالی کا کرم ہوتا ہے تو نوازشریف وزیراعظم بنتاہے، اللہ تعالی کے کرم اور عوام کے ووٹ سے نواز شریف چوتھی بار وزیراعظم بنے گا۔ انہوں نے کہا جب سب کہتے ہیں کہ پاکستان ٹھیک نہیں ہو سکتا، نواز شریف ہر بار پاکستان ٹھیک کرکے دکھاتا ہے، اب بھی ایسا ہی ہوگا۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ نوازشریف کا ساتھ مہنگائی سے نجات کی ضمانت ہے۔
علاوہ ازیں سابق وزیر اعظم و مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ نوازشریف کا ساتھ دینے کا مطلب خوشحال اور آزاد پاکستان ہے ،21 اکتوبر سے مایوسیوں کے بادل چھٹنا شروع ہو جائیں گے ۔ انہوں نے عوام کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ عوام 21اکتوبر کو گھروں سے نکلیں اور پاکستان کی معاشی ترقی کے معمار کا بھرپور استقبال کریں۔شہباز شریف نے کہا عوام نواز شریف کا ساتھ دیں جنہوں نے کراچی سمیت پورے ملک کو امن دیا ، دہشت گردی کا سامنا کیا،نواز شریف کا ساتھ دیں جن کے دور میں یہ مہنگائی 47سال کی کم ترین سطح پر تھی ،عوام نواز شریف کا ساتھ دیں تاکہ مہنگائی پھر کم ہو ۔ انہوں نے کہا کہ نواز شرف کا ساتھ دیں تاکہ آپ کو تعلیم اور علاج مفت ملے ،پورے پاکستان میں دانش سکول بنیں گے اور نوجوان کو روزگار ملے ،نواز شریف کا ساتھ دیں تاکہ سستے سفر کا ذریعہ میٹروز اور شہروں میں بھی بنیں۔