کراچی: لیاقت آباد چونا ڈپو ندی کے قریب سے بیگ میں ملنے والی نوجوان لڑکی کی لاش کو شناخت کرلیا گیا
لیڈی ایم ایل او نے پوسٹ مارٹم کر کے اجزا کیمیکل کے لیے محفوظ کرلیے ہیں ، ایس ایچ او سپر مارکیٹ اخلاق احمد نے بتایا کہ مقتولہ کی شناخت 22 سالہ اریشہ دختر شہزاد کے نام سے کی گئی جبکہ اس کے ورثا نے پولیس نے رابطہ کر کے ابتدائی بیان قلمبند کرا دیا ہے ۔
اخلاق احمد نے بتایا کہ مقتولہ جب ڈیڑھ سال کی تھی تو والدین میں علیحدگی ہوگئی تھی جس کے بعد مقتولہ کی والدہ اور والد دونوں نے شادی کرلی تھی جبکہ مقتولہ اریشہ کی والدہ گلبرگ جبکہ والد کیماڑی میں رہائش پذیر ہیں ۔
انھوں نے بتایا کہ مقتولہ پیر کو اپنی والدہ کے گھر سے والد سے کیماڑی کچھ پیسے لینے دن سوا دو بجے کے قریب رکشے میں گئی تھی جس کے بعد وہ واپس چلی گئی اور پیر کی شب مقتولہ کی لیاقت آباد چونا ڈپو ندی کے قریب سے بیگ اس کی لاش ملی تھی ، انھوں نے بتایا کہ مقتولہ پرائیویٹ بے اے کر رہی تھی جبکہ پیر کی شب عباسی شہید اسپتال میں لیڈی ایم ایل او کے نہ ہونے کی وجہ سے مقتولہ کا منگل کو پوسٹ مارٹم کر کے ا7جزا کیمیکل کے لیے محفوظ کرلیے گئے ہیں جس کی رپورٹ آنے کے بعد وجہ موت کے تعین سمیت دیگر معاملات کا پتہ چل سکے گا ۔
ایک سوال کے جواب میں انھوں نے بتایا کہ مقتولہ کے پاس موبائل فون بھی تھا اور اس کے موبائل فون نمبر کی مدد سے اس پر آنے والی کالز کا ڈیٹا مرتب اور اس کی آخری لوکیشن کا بھی پتہ چلایا جائیگا تاکہ پولیس کی انویسٹی گیشن میں مدد مل سکے ، ان کا کہنا تھا کہ جلد ہی اس اندھے قتل کا معمہ حل کرلیا جائیگا ۔