کراچی: ریاست جونا گڑھ کے شاہی خاندان کے نواب غلام محمد خان نے کہا ہے کہ نوابزادہ فیض محمد خان ،ریاست جونا گڑھ کے حقیقی نواب ہیں ،وفاقی حکومت جلد از جلد سرکاری سطح پر انہیں نواب آف جونا گڑھ کے سرکاری ٹائیٹل سے نوازے،بد قسمتی سے ماضی کی حکومت کی اشیر باداور بعض بیوروکریٹس کی ملی بھگت سے ریاست جونا گڑھ کے نواب کا ٹائیٹل سرکاری سطح پر ایسے جعلی شخص کو دیا گیا تھا جس کا ریاست جونا گڑھ کے نواب خاندان سے کوئی تعلق نہیں تھا ۔
نواب غلام محمد خان نے کہا کہ جعلی نواب جہانگیر خانجی کے خلاف ہم نے قانونی رستہ اپنایا اور ہر فورم پر ان کے فراڈ اور ریاست جونا گڑھ کی ریاستی اراضی جو حکومت پاکستان کو تحفے میں دی گئی تھی اسے فروخت کرنے کے خلاف آواز بلند کی لیکن طاقتور مافیا کے ایماء اور بیوروکریسی کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے جہانگیر کے خلاف کوئی کارروائی نہ ہوئی ،جہانگیر کی وفات کے بعد ہم پر امید ہیں کہ حکومت سرکاری سطح پر نواب آف جونا گڑھ کا سرکاری ٹائیٹل میرے صاحبزادے نوابزادہ فیض محمد خان کو تقویض کر کے ماضی کی غلطیوں کو سدھاریں گے ۔
نواب غلام محمد خان نے کہا ہم آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ ریاست جونا گڑھ نے قیام پاکستان کے بعد ریاسی امور کی انجام دہی اور وطن عزیز کے دفاع کیلئے جانی و مالی قربانیاں دیں اورریاست جونا گڑھ نے اپنا سب کچھ وطن عزیز پاکستان پر قربان کیا لیکن مافیا نے نواب آف جونا گڑھ کے اصل حقدار کو سرکاری ٹائیٹل سے محروم رکھا لہذا وہ نواب فیض محمد خان کو سرکاری ٹایئٹل دلوانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔
ان خیالات کا اظہار نواب غلام محمد خان نے کہا نے کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ میرے دادانواب مہابت خان نے ریاست جونا گڑھ کا الحاق پاکستان سے کیا تھا اور قائداعظم محمد علی جناح کے ساتھ الحاق کی دستاویز پر دستخط کیے تھے اور پاکستان کو درپیش مسائل کے حل کیلئے بھرپور مالی معاونت کی ان کی وفات کے بعد ان کے صاحبزادے دلاور خان کا حکومت نے سرکاری سطح پر نوٹیففکیشن جاری کیا نواب دلاور خان کی کوئی اولاد نہیں تھی ۔
نواب غلام محمد خان نے کہا کہ جہانگیر نے نواب کے ٹائیٹل کا غلط استعمال کرنا شروع کیا اور پاکستان کو تحفے میں دی گئی کروڑوں روپے کی اراضی کو کوڑیوں کے بھائو فروخت کیا ہم نے قانونی رستہ اپناتے ہوئے ان کے خلاف قانونی کارروائی بھی کی اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سمیت حکومتی شخصیات کو جعلی شخص جہانگیر کو نواب بنوانے کے حوالے سے تمام تر حقائق خطوط لکھ کر بیان کیے۔