کراچی: پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر خرم شیر زمان نے سندھ کے صوبائی الیکشن کمشنر کو جمہوری اصولوں کو فروغ دینے اور تمام سیاسی جماعتوں کے لیے یکساں الیکشن مہم کے مواقع فراہم کرنے کے حوالے سے خط لکھ دیا۔
خط کے متن میں سندھ میں جاری جمہوری عمل میں تمام سیاسی جماعتوں کے لیے برابری کا میدان برقرار رکھنے اور اہمیت پر زور دیتے ہوئے خرم شیر زمان نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ غیر جانبدارانہ اور منصفانہ سلوک کرتے ہوئے جمہوری اقدار کو برقرار رکھا جائے،اس میں پی ٹی آئی کراچی کی جانب سے کراچی کمشنر سے 12 نومبر کو جلسہ کرنے کی اجازت کے لیے درخواست جمع کرائی جاچکی ہے۔خرم شیر زمان نے کہاکہ الیکشن کمیشن آف سندھ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ سندھ کی نگران حکومت کی طرف داری کے خلاف کارروائی کریں جو کہ صوبے میں پی ٹی آئی کو سیاسی طور پر نشانہ بنانے پر تلی ہوئی نظر آتی ہے۔
خرم شیر زمان نے کہا کہ جمہوریت تب پروان چڑھتی ہے جب تمام سیاسی جماعتوں کو اپنے خیالات کے اظہار اور ووٹرز کے ساتھ مشغول ہونے کے یکساں مواقع فراہم کیے جاتے ہیں، جمہوری معاشرے کا بنیادی اصول ہے کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ انتخابی مہم کے دوران کسی سیاسی جماعت کی حمایت یا اس جماعت کو نقصان نہ ہو۔ 12 نومبر کو جلسہ منعقد کرنے کی درخواست ایک ایسی مثال ہے جہاں اس اصول کو آزمایا جائیگا۔
خرم شیر زمان کا کہنا تھاکہ صوبائی الیکشن کمشنر سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ انتخابی عمل کی نگرانی، مساوی مواقع کو فروغ دینے اور انتخابی مہم کی سرگرمیوں کی اجازت دینے کے لیے شفاف اور موثر عمل کو برقرار رکھنے میں فعال کردار ادا کرے۔الیکشن کمیشن ان جمہوری اقدار کو برقرار اور تمام سیاسی جماعتوں کے لیے یکساں انتخابی میدان کو یقینی بناسکتا ہے، ہم سمجھتے ہیں کہ الیکشن کمیشن سندھ جمہوریت کی بنیادوں کو مضبوط کرسکتا ہے اور ووٹرز کے درمیان زیادہ اعتماد کو فروغ دے سکتا ہے۔
خرم شیر زمان نے مزید کہا کہ صوبائی الیکشن کمشنر اس معاملے پر سنجیدگی کے ساتھ غور کریں ہم امید کرتے ہیں کہ 12 نومبر کو پی ٹی آئی کراچی کے جلسے کی اجازت کے حوالے سے ایک منصفانہ حل یقینی بنایا جائے گا۔