کراچی : پاکستان کے پہلے وزیر اعظم شہید ملت خان لیاقت علی خان کی72ویں برسی 16اکتوبرکو منائی جائے گی۔
کراچی میں گورنر سندھ دیگر حکومتی و سیاسی سماجی شخصیات شہید ملت خان لیاقت علی خان کے مزار پر حاضری دیں گی۔
لیاقت علی خان کی72ویں برسی کے سلسلے میں ملک بھر میں مسلم لیگ اور دیگر سیاسی جماعتوں اور تنظیموں کے زیر اہتمام سیمینارز، مذاکرے، کانفرنسز اور دیگر تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا۔
جس سے خطاب کرتے ہوئے سیاسی قائدین اور مقررین شہید ملت خان لیاقت علی خان کی تاریخ ساز خدمات کو خراج عقیدت پیش کریں گے۔بانی پاکستان حضرت قائد اعظم محمد علی جناح ؒ کے دیرینہ رفیق،تحریک پاکستان کے ہراول دستے کے رہنما یکم اکتوبر 1895ء کو پیدا ہوئے آپ پاکستان کے پہلے وزیر اعظم اور وزیر خارجہ رہے ہیں آپ کو16اکتوبر1951کو راولپنڈی کے کمپنی باغ موجودہ میں شہید کر دیا گیا تھا۔
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے پاکستان کے پہلے وزیراعظم خان لیاقت علی خان کی 72ویں برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ملک کے پہلے وزیر اعظم کا اعزاز پانے والے کو آزادی کے صرف چار سال بعد ہی ملک دشمن عناصر نے شہید کردیا، جو کہ بہت ہی افسوس ناک واقعہ تھا، 16 اکتوبر 1951پاکستان کی تاریخ کا ایک سیاہ ترین دن ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ قائد ملت نے بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح ؒ کے ہمراہ آزاد وطن کے لئے انتھک محنت کی، وہ قائد اعظم کے سچے دست راست تھے، اسی لئے بابائے قوم نے انہیں ملک کا پہلا وزیر اعظم منتخب کیا۔ گورنر سندھ نے مزید کہا کہ انہوں نے قائد اعظم کے ساتھ مل کر نوزائیدہ مملکت کو مستحکم بنانے کی جدوجہد کی ، بابائے قوم کے انتقال کے بعد بھی انہوں نے اپنے اس مشن کو جاری رکھا ،گورنر سندھ نے کہا کہ انہیں پاکستان سے محبت کرنے کی پاداش میں شہید کیا گیا، شہادت کے وقت بھی انہیں پاکستان کی سلامتی کی فکر تھی، آپ نہایت ہی ایماندار اور پرکشش شخصیت کے مالک تھے، آپ کی زندگی پوری قوم کے لئے مشعل راہ ہے۔