کراچی : اورنگی میں موٹرسائیکل سوار وں سے مبینہ مقابلے میں 2 ڈاکو ہلاک ہوگئے ۔
مبینہ مقابلے کے بعد 2 ڈاکو فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
پاکستان بازار پولیس نے پیر اور منگل کی درمیانی شب گلشن ضیا سیکٹر ساڑھے گیارہ بلاک ڈی الطاف نگر اورنگی ٹاؤن میں مبینہ مقابلے میں دو ڈاکو ؤں کو ہلاک کر دیا۔پولیس کے مطابق دو موٹرسائیکل پر سوار 4 افراد کو مشتبہ جانتے ہوئے گشت پر مامور پولیس پارٹی نے روکنے کے لیے تعاقب کیا تو انہوں نے فائرنگ شروع کر دی۔
پولیس نے بھی ملزمان پر جوابی فائرنگ کی ، پولیس کی فائرنگ سے 2 ڈاکو موقع پر مارے گئے جبکہ دو ڈاکو موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ، مارے گئے ڈاکوؤں سے دو پستول ، ایک موٹرسائیکل ، دو موبائل فون اور نقدی برآمد کی گئی ۔
مارے جانے والے ڈاکو ؤں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔دوسری جانب جمشید کوارٹر پولیس نے پیر اور منگل کی درمیانی شب تین ہٹی نوری شاہ مزار کے قریب سے مبینہ مقابلے کے بعد 2 ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا ، زخمی ملزمان کو طبی امداد کے لیے سول اسپتال منتقل کیا گیا ، ترجمان کراچی پولیس کے مطابق زخمی حالت میں گرفتار ملزمان کی شناخت 25 سالہ روبرٹ مسیح ولد اکرم مسیح اور 24 سالہ نائیرسن مسیح ولد عاشق مسیح کے ناموں سے کی گئی۔گرفتار ملزمان سے ایک پستول ، موبائل فونز ، کچھ نقدی اور ایک موٹرسائیکل برآمد کی گئی ، گرفتار ملزمان چوری ، اسٹریٹ کرائم اور ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث رہے ہیں ، ملزمان سے علاج و معالجے کے بعد مزید تفتیش کی جائے گی۔