شہر قائد کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں پولیس نے دس سالہ معصوم بچی سے متعدد بار زیادتی کرنے والے سفاک اور درندہ صفت باپ کو گرفتار کرلیا۔
ذرائع کے مطابق تھانہ سرجانی ٹاؤن پولیس نے ماں کی شکایت پر ملزم وحشی اور سفاک باپ عابد حسین کو گرفتار کیا۔ پولیس کے مطابق ملزم پھول جیستی بچی کے ساتھ روزانہ جنسی زیادتی کرتا تھا۔
بیٹی نے ویڈیو بیان کے ذریعے بھانڈا پھوڑ دیا۔ ملزم اس وقت سرجانی پولیس کی حراست میں ھے تفتیش کی جارہی ہے۔
پولیس نے بیٹی کو میڈیکل چیک اپ کیلیے اسپتال بھی منتقل کردیا ہے اور میڈیکل رپورٹ آنے کے بعد مزید کارروائی، مقدمہ اندراج کی دفعات کا تعین کیا جائے گا۔
بیٹی نے پولیس کو دیے گئے اپنے بیان میں کہا کہ ’والد مجھے کپڑوں کے بہانے وہ یہاں لایا اور زبردستی زیادتی کی کوشش کی، جب میں نے بولا کہ بیٹی کے ساتھ کوئی یہ کرتا ہے تو دھمکی دی کہ اگر کسی کو بولا تو مار کر ندی میں پھینک دوں گا‘۔
بچی نے بتایا کہ والد نے امی کو دو سال پہلے طلاق دی جس کے بعد سے وہ پنجاب میں رہ رہی ہیں، پھر میرے باپ نے دوسری شادی کی اور اُس کو بھی طلاق دے دی، جس سے بیٹی پیدا ہوئی۔
متاثرہ نے بتایا کہ ’میں اس کی پہلی اولاد ہوں‘۔ بچی نے تفتیشی افسر کے استفسار پر یہ بھی کہا کہ دوران تفتیش اگر پولیس بیان لے گی تو وہ یہی بات دہرائے گی اور اگر مار پیٹ بھی ہوئی تب بھی وہ اپنی بات سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔