کراچی:‌ برطانیہ سے 100 لاکھ کے چوری شدہ فون صدر موبائل مارکیٹ سے برآمد

وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے اسمگلنگ اور حوالہ ہنڈی کیخلاف جاری کریک ڈاؤن کے تحت صدر کی موبائل مارکیٹ میں چھاپہ مار کر ایک کروڑ سے زائد مالیت کے موبائل فون برآمد کرلیے۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ایف آئی اے کراچی زون کا اسمگلنگ اور حوالہ ہنڈی کے خلاف کریک ڈاون جاری ہے، جس کے تحت صدر میں واقع الیکٹرانک مارکیٹ میں چھاپہ مار کر اسمگل اور چوری کیے گئے ایک کروڑ روپے سے زائد مالیت کے 250 موبائل فون برآمد کرلیے گئے۔

ایف آئی اے کے مطابق چھاپے کے دوران 2 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، اسمگل اور چوری شدہ موبائل فونز کے آئی ایم ای آئی نمبر بیرون ملک سے خریدے گئے ایک جدید سافٹ ویئر کے ذریعے تبدیل کیے جاتے تھے۔ پی ٹی اے کے سسٹم میں پہلے سے رجسٹرڈ موبائل فون نمبرز کا ڈیٹا بھی ملزمان سے برآمد ہوا ہے۔

ایف آئی اے کے مطابق ملزمان نے جعل سازی کے ذریعے پی ٹی اے کو پانچ کروڑ روپے سے زائد کا نقصان پہنچایا۔ برآمد کیے جانے والے موبائل فونز میں برطانیہ (یو کے) سے چوری کیے جانے والے فون بھی شامل ہیں۔

اینٹی کرپشن سرکل کراچی نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔


نوٹ : آپ ذرائع نیوز سے لمحہ بہ لمحہ باخبر رہنے کیلیے ہمارا واٹس ایپ چینل لنک پر کلک کر کے جوائن کرسکتے ہیں۔