لاڑکانہ: سندھ کے شہر لاڑکانہ کی پولیس نے چار سالہ بچے سے مبینہ زیادتی کرنے والے اسکول پرنسپل کو گرفتار کرلیا۔
تھانہ مارکیٹ کی حدود میں قائم نجی اسکول میں زیر تعلیم چار سالہ طالب علم عثمان (فرضی نام) سے پرنسپل نے زیادتی کی جس پر والد نے اپنی مدعیت میں اسکول پرنسپل کیخلاف مقدمہ درج کرایا جس میں اسکول کے پیئون کو بھی نامزد کیا گیا۔
چار سالہ طالب علم سے زیادتی کے واقعے کی اطلاع کا ایس ایس پی لاڑکانہ عبد الرحیم شیرازی نے سخت نوٹس لیا اور متعلقہ تھانے کے ایس ایچ او کو سخت کارروائی کی ہدایت کی۔
پولیس نے مقدمہ درج کرنے اور اعلیٰ حکام کی ہدایت کی روشنی میں کارروائی کی اور اسکول پرنسپل محمد حسن بھیو کو گرفتار کرلیا۔
پولیس نے کیس میں نامزد دوسرے ملزم عبدالجبار شیخ کی گرفتاری کیلیے چھاپہ مارا تاہم اُس کی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی۔
پولیس کے مطابق متاثرہ بچے کا میڈیکل کرانے سمیت گرفتار ملزم کا بھی ڈی این کروایا جا رہا ہے۔ درج کیس کی مزید تفتیش و ضابطے کی کاروائی جاری ہے۔