متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے دعویٰ کیا ہے کہ لیاقت آباد سے تعلق رکھنے والی ملک برادری سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔
شمولیت کا پروگرام ملک برادری کے سربراہ ملک حاجی محمد اختر کی جانب سے دیے گئے عشائیے کی صورت میں دیا۔ جس سے ایم کیو ایم پاکستان کے کنونیئر خالد مقبول صدیقی نے کیا۔
ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ جس نے پاکستان کو آزادی دلوائی اس سے زیادہ کوئی وفادار نہیں ہوسکتا، جن کی رگوں میں پاکستان خون بن کر دوڑتا ہو اس سے کوئی وفاداری کا سرٹیفیکیٹ نہیں مانگ سکتا، ہمارے اجداد کی قربانیوں کے سبب ہندوستان کا یہ حصہ پاکستان بنا انکی بدولت یہاں کی غلامی آزادی میں تبدیل ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ 20 لاکھ جانوں کی قربانیاں دے کر اس ملک کی آزادی حاصل کی ہے ، اس ایم کیو ایم نے 75 لاکھ لاپتہ لوگوں کو گنوایا ہے اب الیکشن میں ہمیں ایک بار پھر سے نہ صرف خود کو گنوانا بلکہ منوانا بھی ہے۔
ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے ملک برادری کا خلوص ، محبت اور ان کی وفاداری پر انھیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم آپ سے ووٹ لینے نہیں بلکہ آپ سے انتخابی عمل میں اپنا حصہ ڈالنے کا پیغام لے کر آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپ کے ساتھ گزشتہ مرتبہ ہونے والی حق تلفی کی تلافی کا وقت آچکا ہے، آپ کا تعلق ان لوگوں سے ہے جنھیں ہماری جدوجہد کا مقصد سمجھانے کی ضرورت نہیں ہے۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ ہماری سیاست اپنے لوگوں کے لیے ہے، آپ کی شمولیت سے ہماری سیاسی قوت مزید مضبوط تر ہوگی، ہم مل کر دیگر لوگوں کو شمولیت کی دعوت دیں گے۔ خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ پاکستان سے محبت ہماری مجبوری ہے اسے کمزوری نا سمجھا جائے ، ہتھیار نا ہماری ثقافت ہے نا پہچان ہے۔