قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان نے کہا ہے کہ ٹیم کے ابھی آگے جانے کے مواقع برقرار ہیں جبکہ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ قومی ٹیم نے ورلڈکپ کے آغاز سے ہی تمام میچز میں اچھا کھیل پیش کیا۔
بنگلادیش کے خلاف میچ میں فتح کے بعد گفتگو کرتے ہوئے بابر اعظم نے جیت کا سہرا فخر زمان کو دیتے ہوئے کہا کہ ’اندازہ تھا اگر فخر زمان 20 سے 30 اوورز تک وکٹ پر کھڑا رہا تو میچ جیت جائیں گے‘۔
انہوں نے کہا کہ اگلے دو میچز میں بھی اسی طرح کا کھیل پیش کریں گے کیونکہ ابھی ہمارے ٹورنامنٹ میں آگے جانے کے چانسز باقی ہیں۔ بابر اعظم نے کہا کہ ہم نے پہلے میچ سے ہی ورلڈکپ کا اچھا آغاز کیا جس کا فائدہ بھی ہوا۔
انہوں نے کہا کہ شاہین آفریدی نے آغاز میں تین وکٹیں لے کر بنگلادیش کی ٹیم پر پریشر بنایا جبکہ دیگر بولرز نے بھی اپنی 100 فیصد کارکردگی دی۔
واضح رہے کہ پاکستان نے ورلڈکپ کے اکتسویں اور اپنے ساتویں میچ میں بنگلادیش کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ کی تیسری فتح حاصل کی۔ بنگلادیش نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو جیت کیلیے 205 رنز کا ہدف دیا تھا۔