آسٹریلیا نے میکسوئل کی شاندار بیٹنگ کی بدولت افغانستان کو تین وکٹوں سے شکست دے دی۔
ورلڈکپ کے 38ویں میچ میں افغانستان کی جانب سے دیے گئے ہدف 292 کے تعاقب میں آسٹریلوی ٹیم مشکلاف کا شکار تھی اور 91 رنز پر 7 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے تھے، ایسے موقع پر میکسوئل اور پیٹ کمنز کریز پر آئے۔
ایک اینڈ پر میکسوئل نے شاندار بلے بازی کرتے ہوئے 76 گیندوں پر شاندار سنچری بنائی، یہ اُن کی موجودہ ورلڈکپ کی دوسری سنچری ہے جبکہ پیٹ کمنز نے بھی اُن کا شاندار ساتھ دیا۔
میکسوئل اور پیٹ کمنز نے ریکارڈ 202 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی۔ اس دوران پیٹ کمنز محتاط انداز سے بیٹنگ کرتے رہے اور انہوں نے وکٹ کو بچانے کی دفاعی حکمت عملی تیار کی۔ اس دوران آسٹریلوی کپتان نے 68 گیندوں پر صرف 12 رنز بنائے۔
میکسوئل نے انجرڈ ہونے کے باوجود اپنی جارحانہ بیٹنگ کے سلسلے کو جاری رکھا اور چار اوورز پہلے ہی اپنی ٹیم کو فتح یاب کروایا۔ انہوں نے 128 گیندوں پر 10 چھکوں اور 21 چوکوں کی مدد سے 201 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ریکارڈ قائم کیا۔
ورلڈکپ 2023 میں میکسوئل پہلے کھلاڑی ہیں جنہوں نے ڈبل سنچری بنائی۔