پاکستان تحریک انصاف کراچی کے جنرل سیکرٹری ایڈوکیٹ رحمان مہیسر کی سربراہی میں ڈی سی ایسٹ سے وفد کی ملاقات ہوئی ہے۔
ملاقات میں پی ٹی آئی لائر ونگ کے مرکزی جنرل سیکرٹری سندھ بیرسٹر فیاض سمور، نعیم عادل شیخ سمیت دیگر بھی ہمراہ موجود تھے، ملاقات میں کراچی میں پی ٹی آئی کے 12 نومبر کو ہونے والے جلسے کی اجازت اور انتظامات سے متعلق گفتگو ہوئی۔
پی ٹی آئی وفد کی جانب سے ملاقات میں صوبائی الیکشن کمیشن کے جلسے کے حوالے سے لکھا گیا احکاماتی خط پیش کیا گیا،الیکشن کمیشن کے خط میں چیف سیکرٹری سندھ سمیت دیگر متعلقہ حکام کو واضح مخاطب کیا گیا اور خط کے متن میں 12 نومبر ملینیم مال کے مقام پر پی ٹی آئی کو جلسے کیلئے انتظامیہ کے تعاون کی ہدایات جاری کی گئیں۔
اس موقع پر پی ٹی آئی کراچی کے جنرل سیکرٹری ایڈوکیٹ رحمان مہیسر نے کہا کہ دیگر سیاسی جماعتوں کی طرح تحریک انصاف کو کراچی میں بھرپور مہم چلانے کا حق حاصل ہے،الیکشن کی تاریخ کا جیسے ہی اعلان ہوا تحریک انصاف کے خلاف کاروائیاں مزید تیز ہوگئیں، تمام جماعتوں کو جلسوں کی اجازت ہے مگر تحریک انصاف کا ایک کنونشن بھی ہو تو پولیس ورکرز کو گرفتار کرنے پہنچ جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریاستی جبروفسطائیت سے تحریک انصاف کو آئین کی بالادستی، جمہوریت کی بحالی، قانون کی حکمرانی اور ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کے ایجنڈے کے ساتھ انتخابی میدان میں اترنے سے روکا جارہا ہے جو کہ عوام دیکھ رہے ہیں۔
ایڈوکیٹ رحمان مہیسر نے مزید کہا کہ کراچی کے عوام کے دلوں میں تحریک انصاف ہے، کراچی کے عوام اپنی پسندیدہ جماعت کو مینڈیٹ نہ دے سکیں اس لیے پی ٹی آئی کے لیے انتخابی سرگرمیوں کو مشکل ترین بنایا جارہا ہے جوکہ جمہوری اصولوں کے خلاف ہے۔
ایڈوکیٹ رحمان مہیسر نے کہا کہ انتخابی مہم کے سلسلے میں ابتک انتظامیہ کی جانب سے زبانی یقین دہانیاں کرائی گئیں مگر تحریری طور پر اجازت نہ دینے پر تشویش ہے۔چاہتے ہیں آئین و قانون کے تحت 12 نومبر کو کراچی میں پی ٹی آئی بھی دیگر سیاسی جماعتوں کی طرح پاور شو کرے۔ انتظامیہ جمہوریت کے اصولوں کے پیش نظر پی ٹی آئی کے جلسے میں اپنا تعاون یقینی بنائے۔