کراچی : کراچی میں بچوں نے غزہ کے بچوں سے اظہار یکجہتی کے لیے مارچ کیا جس میں مختلف اسکولوں کے بچوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
جماعت اسلامی کے تحت شاہراہ قائدین پر ہونے والے مارچ میں بچوں نے بھرپور جوش و جذبے سے شرکت کی اور عالمی برادری سے غزہ پر اسرائیلی مظالم رکوانےکا مطالبہ کیا۔
بچوں نے مخصوص فلسطینی رومال پہنے ہوئے تھے اور علامتی طور پر فلسطین کے شہید بچوں کی لاشوں کو اٹھایا ہوا تھا۔ علامتی طور پر نیتن یاہو کے ہاتھوں پر ہتھ کڑیاں باندھ کر قید کیا گیا تھا۔
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے بچوں کے مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے بچوں اور بچیوں نے شاہراہ قائدین پر بڑی تعداد میں شریک ہو کر عالم اسلام کو پیغام دیا ہے کہ ہم فلسطینیوں کے ساتھ ہیں۔
حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ بدقسمتی یہ ہےکہ ہمارا نظام تعلیم نہیں بتاتا کہ مسجد اقصیٰ کی کیا اہمیت ہے، اسرائیل کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے، فلسطین کی زمین مسلمانوں کا قبلہ اول صیہو نیوں کے قبضے میں ہے، ہم اسرائیل کی ریاست کو کسی صورت قبول نہیں کریں گے، پوری دنیا کے باضمیر انسان فلسطین کے بچوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔