لاپتہ افراد کا مقدمہ ریاست کی مدعیت میں پولیس کو ازخود درج کرنے کا حکم

سندھ ہائیکورٹ نے پولیس کو لاپتا افرادکی گمشدگی کا از خود مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

سچل سے لاپتہ ہونے والے شہری کے اہل خانہ کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے جسٹس نعمت اللہ پھلپھوٹو نے کہا کہ اگر لاپتا افراد کے اہلخانہ پولیس کے پاس نہیں آتے تو نہ آئیں، اگر کوئی گم گیا ہے تو ریاست کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا جائے۔

انہوں نے ریمارکس دیے کہ پولیس کی ذمہ داری ہے مقدمے کا اندراج کرکے تحقیقات کا آغاز کیا جائے۔

عدالت نے سچل کے علاقے سے لاپتا شہری راشد اور نسیم کی گمشدگی کے مقدمات درج کرنے کا حکم دیا۔

ایس ایچ او سچل نے بتایا کہ ہدایت کے باوجود لاپتا افراد کے اہلخانہ مقدمات درج کرانے نہیں آئے، جن کے نمبرز دیئے گئے تھے ان پر بھی ہم نے رابطہ کیا تھا

واضح رہے کہ لاپتا افراد کے اہلخانہ نے بازیابی کے لیے عدالت سے رجوع کیا تھا۔

عدالت کا چار ہفتوں میں پولیس اور دیگر اداروں سے رپورٹ طلب کرلی،جے آئی ٹیز اور صوبائی ٹاسک فورس کے اجلاس طلب کرنے کی بھی ہدایت دی۔