پاکستان پیپلزپارٹی نے ضلع وسطی میں ایم کیو ایم کی اہم وکٹ گرادی، جس کے بعد نیوکراچی، نارتھ کراچی اور سرجانی میں پیپلزپارٹی مضبوط ہوجائے گی۔
پاکستان پیپلزپارٹی کی طرف سے حیدری مارکیٹ کی پارکنگ میں ضلع وسطی کا پنڈال سجایا گیا، جس میں ناصر حسین شاہ، میئر کراچی مرتضی وہاب، شہلا رضا نے خطاب کیا۔
مرتضی وہاب نے ایم کیو ایم اور جماعت اسلامی پر تنقید کرتے ہوئے دعوی کیا کہ آج کا پنڈال اس بات کی غمازی کررہا ہے کہ پتنگ کا بو کاٹا۔ انہوں نے اسٹیج سے بو کاٹا کے نعرے بھی لگائے۔
اس جلسے کا سرپرائز موقع وہ تھا کہ جب ایم کیو ایم کے سابق رہنما خواجہ سہیل منصور کے ہمراہ متحدہ کے سابق رکن اسمبلی وسیم قریشی پہنچے اور اسٹیج پر آکر اپنے خطاب میں پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔
انہوں نے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر عاصم کا مشکور ہوں جن کی شفقت اور توجہ پورے ڈسٹرکٹ سینٹرل پر رہی مگر میں نے ڈاکٹر عاصم کو کہا کہ سینٹرل میں ترقیاتئ کاموں پر ووٹ نہیں ملے گا۔
وسیم قریشی نے کہا کہ ڈاکٹر عاصم نے کہا کہ میرا مشن بے لوث ترقی ہے۔
وسیم قریشی نے اعلان کیا کہ آج 36 سال کی ایم کیو ایم کی رفاقت چھوڑ رہا ہوں، یہ بہت مشکل فیصلہ تھا کئی روز سوچا، موجودہ ایم کیو ایم میں کام کرنے کا دل نہیں چاہتا۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم میں سیاست کی سمت بٹی ہوئی کیونکہ فیصلے کرنے والے بہت ہیں، مجھ جیسے سینئر لوگوں کو گھر بٹھا دیا گیا، دو راستے تھے آسان تھا کہ سب چھوڑ کر گھر بیٹھ جاوں، دوسرا راستہ اللہ کے قریب ہونے کے لیے مخلوق کی خدمت کا راستہ ہے۔