شہر قائد میں ڈاکو راج بدستور برقرار ہے، سڑکوں پر آزادانہ گشت کرتے ڈکیتوں نے ایک اور صحافی کو موبائل فون، نقدی سے محروم کردیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے بفرزون میں قائم نمک بینک کے قریب مسلح ڈکیتوں نے اکیس نومبر کی رات ڈھائی سے تین بجے کے قریب ایکسپریس نیوز (ویب) سے وابستہ صحافی کو سڑک پر روک کر لوٹ لیا۔
متاثرہ مہدی قاضی نے بتایا کہ وہ موٹرسائیکل تیز چلا رہے تھے تاہم موٹرسائیکل پر دو مسلح ملزمان نے اُن کا تعاقب کیا اور درمیان سڑک پر پستول تان کر گاڑی سائیڈ میں لگانے کی ہدایت کی۔
پھر ملزمان نے سکون سے واردات کی اور صحافی کو دو موبائل فونز، میڈیکل کارڈ، اکاؤنٹ چیک بک، لیپ ٹاپ بیگ سے محروم کردیا اور چھین کر چلتے بنے، جبکہ جاتے وقت موٹرسائیکل کی چابی بھی ساتھ لے گئے۔
لوٹ مار کی واردات میں صحافی کو تقریبا تیس ہزار روپے مالیت کا نقصان ہوا۔
دوسری جانب ڈکیتوں نے تین ہٹی کے قریب واقع لال مسجد کے پاس آٹوز کی دکان میں ڈکیتی کے دوران مالک کو زخمی کیا جو دوران علاج چل بسا۔جس کی شناخت 45 سالہ رانا اللہ دتہ اور سکنہ پنجاب سے ہوئی۔
واضح رہے کہ شہر میں رواں سال ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ڈاکوؤں کی بے رحمانہ فائرنگ کا نشانہ بن کر جاں بحق ہونے والوں کی مجموعی تعداد 118 ہوگئی ہے۔