کراچی: سہراب گوٹھ تھانے کی حدود مچھر کالونی کوئٹہ ٹاؤن میں پلاسٹک اور اسکریپ کے گودام میں لگنے والی آگ پر فائر بریگیڈ کے عملے نے قابو پالیا۔
آتشزدگی کے نتیجے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا، کچرے کا گودام افغانی کا تھا، آتشزدگی کی وجہ سردی سے بچنے کے لیے لگائی جانے والی آگ کی چنگاری بنی۔
پیر اور منگل کی درمیانی شب کھلے علاقے میں پرانے پلاسٹک اور اسکریپ کے گودام میں آگ لگ گئی، آتشزدگی کے باعث بھاری مالیت کا پرانا پلاسٹک اور اسکریپ کا سامان جل کر خاکستر ہوگیا۔
پولیس کے مطابق افغانیوں نے علاقے میں اسکریپ کا گودام بنایا ہوا تھا رات کے وقت سردی سے بچنے کے لیے آگ جلائی گئی تھی، آگ کی کوئی چنگاری بوتل یا اس میں موجود کسی کیمیکل پر لگی جس سے پورا گودام میں آگ پھیل گئی۔
پولیس اور ادارے تحقیقات کررہے ہیں اس علاقے میں اتنا بڑا گودام بنانے میں کس کس نے سہولت فراہم کی، واضح رہے لیاری ندی ، ملیر ندی سرجانی ٹائون ، منگھو پیر ، بلدیہ ٹائون ، اورنگی ٹائون ، کیماڑی ، سلطان آباد ، گلشن اقبال، حسین ہزارہ گوٹھ اور ریلوے پٹریوں کے اطراف سمیت شہر کے بیشتر علاقوں میں افغانی باشندوں نے زبردستی، پولیس اور متعلقہ اداروں کی مبینہ مدد سے پلاسٹک اور اسکریپ کے ڈمپنگ اسٹیشن بنائے ہوئے ہیں۔
جہاں نشئی اور چور سامان فروخت کرتے ہیں، شہر بھر میں کباڑیوں نے بھی گودام بنائے ہیں۔