ریلوے پریم یونین (آسی) کے مرکزی میڈیا کوآرڈینیٹر سید شاہد اقبال نے کہا ریلوے کو ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت تباہ وبرباد کیا جارہا ہے اور ملازمین کی تنخواہوں میں تاخیر بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اور کہا کہ ملکی کی تاریخ میں ایسا برا وقت پہلے کبھی نہیں آیا کہ مزدور دن رات ایک کرکے اپنے خون پسینے سے ریل کے پہیے کو رواں دواں رکھے ہوئے ہے اور اپنی ہی اجرت کو حاصل کرنے سے محروم ہے جس کی ہم آج اس اجلاس کے توسط سے پر زور مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ مزدوروں کی اجرت اس کے وقت مقرر پر جاری کی جائے اور ریٹاٸر ملازمین و بیواؤں کے واجبات فی الفور ادا کیے جاٸیں۔
ریلوے ورکرز یونین کے رہنما سید محمد سلیم چشتی نے کہا کہ ہم ریلوے کے خلاف ہونے والی ہر سازش کو ناکام بنانے کا عزم کرتے ہیں اور ریل مزدور محاذ پاکستان کی صورت میں آج ریل کا محنت کش اپنے تمام تر اختلافات کو بالاۓ طاق رکھتے ہوئے ایک پلیٹ فارم پر یکجا ہے۔
اس موقع پر مرکزی رہنما واثق خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوۓ کہا کہ ریلوے انتظامیہ ملازمین کی تنخواہیں روک کر ادارے کو دیوالیہ دکھانا چاہتی ہے اور قومی ادارے کو نجی شعبے کے حوالے کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے جسے یہ مزدور اپنی یکجہتی سے کبھی پورا نہیں ہونے دے گا۔