متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) اور رواں سال سیاسی افق پر ابھرنے والی نئی جماعت استحکام پاکستان پارٹی کے درمیان قربتیں بڑھنے لگیں۔
تفصیلات کے مطابق سابق وفاقی وزیر امین الحق کی سربراہی میں ایم کیو ایم پاکستان کے وفد نے استحکام پاکستان پارٹی کے مرکزی رہنماء و سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل کی رہائشگاہ کا دورہ کیا۔
اس موقع پر استحکام پاکستان پارٹی کے صوبائی صدر محمود مولوی، جنرل سیکریٹری علی جونیجو بھی موجود تھے جنہوں نے ایم کیو ایم کے وفد سے ملاقات کی۔
ایم کیو ایم وفد میں سابق وفاقی وزیر امین الحق، سابق رکن سندھ اسمبلی جاوید حنیف، بئریسٹر حسان صابر شامل تھے۔ ملاقات میں سندھ بالخصوص کراچی کی سیاسی و مجموعی صورتحال پر گفتگو کی گئی جبکہ آنے والے انتخابات اور سیاسی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایم کیو ایم نے استحکام پاکستان پارٹی کے رہنماؤں کو سیمینار میں شرکت اور بہادر آباد دورے کی دعوت بھی دی، جسے آئی پی پی قائدین نے قبول کرلیا اور جلد بہادر آباد مرکز کے دورے کا عندیہ بھی دیا۔