شہر قائد سمیت دنیا بھر میں مہاجر ثقافت کے دن کو منوانے والے کراچی سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں نے عملی میدان میں ایک قدم اور بڑھا لیا۔
مہاجر ثقافت اور سیاست کے حوالے سے متحرک لڑکے ’نوجوانانِ مہاجر‘ کے نام سے کام کررہے ہیں اور وہ رواں سال بھی 24 دسمبر کو ’مہاجر ثقافتی دن‘ کے حوالے سے متحرک ہیں۔
اب نوجوانان مہاجر نے اپنے مرکزی دفتر کا افتتاح کردیا جس کے بعد مرکزی کمیٹی کا اجلاس بھی ہوا اور رواں سال مہاجر ثقافتی دن کی تیاریوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں مرکزی آرگنائزر ذوہیب اعظم ، فائز علی خان ، عمیر مقصودی اور شجاعت قاضی نے اراکین مرکزی کمیٹی کو رواں سال منعقد ہونے والے پروگرامات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔
مرکزی ذمہ داران نے اجلاس میں مشاورت کے بعد کام کو مزید تیز کرنے کے لئے نئی حکمت عملی طے کرتے ہوئے مزید متحرک اور منظم ہونے کا ارادہ کیا۔
اجلاس میں شریک تمام اراکین اور مرکزی کمیٹی کے ممبران نے مہاجر ثقافتی دن کی کامیابی کے لئے اپنے بھرپور جوش و جذبے کے عزم کا اظہار کیا۔