شہر قائد کے علاقے ملیر جعفر طیار میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے معروف شیعہ ذاکر سید جواد حیدر زیدی کو زخمی کردیا، پولیس نے واقعے کو ڈکیتی مزاحمت کا شاخسانہ قرار دیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق ملیر جعفر طیار میں فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوا، جس کی شناخت علامہ سید جواد حیدر زیدی کے نام سے ہوئی۔
جواد حیدر زیدی کو زخمی حالت میں طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹرز نے اُن کی حالت کو خطرے سے باہر قرار دیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ موٹرسائیکل سوار دو ملزمان نے لوٹ مار کی کوشش کی اور مزاحمت پر گولی مار کر موبائل فون نقدی رقم چھین پر لے گئے، یہ واقعہ ڈکیتی مزاحمت پر ہی پیش آیا جس میں ملوث عناصر کو جلد گرفتار کرلیں گے۔
دوسری جانب مجلس وحدت المسلمین (ایم ڈبلیو ایم) نے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ملیر علاقہ مکینوں کی جان اپنی گلیوں اور چوہراوں پر محفوظ نہیں، ملیر جرائم پیشہ افراد کا گڑھ بنتا جارہا ہے۔ روزانہ کی بنیادوں پر راہ زنی کے واقعات میں اضافہ ہورہا یے۔
ترجمان ایم ڈیلیو ایم نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی نا اہلی کی وجہ سے عوام جرائم پیشہ افراد کا نشانہ بن رہے ہیں، ملیر میں اسٹریٹ کرمنلزکے خلاف آپریشن کیا جائے۔