میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے جماعت اسلامی کراچی کے امیر اور اپنے مخالف امیدوار حافظ نعیم الرحمان کے ساتھ تصویر بنوانے کی خواہش کا اظہار کردیا۔
مرتضیٰ وہاب نے کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ میں منعقد سکشن پمپ اور مشینری دینے کی تقریب کے بعد خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم سمیت تمام جماعتوں کو شہر کی ترقی کیلیے ساتھ مل کر چلنے کی ایک بار پھر دعوت دی۔
انہوں نے کہا کہ ’ابھی آرہا تھا تو دیکھا ایک پیدل چلنے والے برج پر حافظ نعیم کی تصویر لگی ہوئی تھی، وہ اپنی تصویریں لگوانے میں مصروف ہیں، میں انہیں دعوت دیتا ہوں کہ آئیں میرے ساتھ تصویر بنوائیں اور پھر انہیں لگوا دیں‘۔
مرتضیٰ وہاب نے مزید پیش کش کرتے ہوئے کہا کہ حافظ نعیم اپنے دل کی تسکین کے لیے اپنی تصویر کے نیچے دلوں کا میئر یا حقیقی میئر لکھوا کر میرے نیچے قبضہ میئر ہی لکھوا دیں مگر ساتھ آئیں اور شہر کیلیے کام کریں تاکہ ہم عوام کو مسائل سے نجات دلوا سکیں۔