سٹی کورٹ میں لانگ مارچ کے شرکاء کی اسلام آباد میں گرفتاری اور ان پر پولیس کے لاٹھی چارج اور شیلنگ کیخلاف وکلاء نے احتجاج کیا۔
احتجاجی مظاہرہ سندھ یونائیٹڈ لائیرز فورم کی جانب سے کیا گیا جس میں درجنوں وکلا نے شرکت کی۔
سندھ یونائیٹڈ لائیرز فورم کے صدر عاقب راجپرنے مظاہرے سے خطاب میں کہا کہ ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ سمیت دیگر خواتین بچوں کی گرفتاری ناروا سلوک کی مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ طاقت کے استعمال سے مظالم کو چھپایا نہیں جاسکتا۔ نہتی بلوچ خواتین پر تشدد اور ناروا سلوک ناقابل برداشت ہے۔ ملک میں پر امن احتجاج کے دروازے بند کئیے گئے تو نفرتوں میں اضافہ ہو گا۔
عاقب راجپر نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت میں تشدد کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ خواتین اور بچوں پر شدید سردی میں واٹر ٹینک شلنگ کرنا کسی صورت قبول نہیں۔ انصاف کے لئیے احتجاج ہر شہری کا آئینی اور قانونی حق ہے۔
مظاہرے میں شریک وکلا نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔