شہر قائد میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انتھک محنت کے بعد قائم ہونے والا امن و امان ایک بار پھر خطرے میں نظر آنے لگا جس پر شہری تشویش میں مبتلا ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں ہفتے کے روز چند گھنٹوں کے دوران ٹارگٹ کلنگ کے دو واقعات ہوئے، جن میں سے پہلا نیو کراچی صنعتی ایریا میں ہوا، جس میں صنعت کار کے نوجوان بیٹے کو ٹارگٹ کیا گیا۔
دوسرا واقعہ گرومندر پر قائم بلیو ربن بیکری کے سامنے پیش آیا جہاں تقریبا آٹھ موٹر سائیکلوں پر سوار مسلح افراد نے کار سوار پر اندھا دھند گولیاں برسائیں اور وہ جاں بحق جبکہ ساتھ بیٹھا شخص زخمی ہوگیا۔
نیو کراچی واقعہ
نیو کراچی انڈسٹریل میں ملزمان نے کار پرفائرنگ کرکے نوجوان کو قتل کردیا واقعے کے وقت کار میں مقتول کے والد اور 2 بھائی بھی موجود تھے وہ معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔ ڈی ایس پی نیو کراچی وسیم احمد کے مطابق سلیم مون اپنے تین جوان بیٹوں کے ساتھ کار میں اپنی رہائش گاہ ڈیفنس سے نکل کر نیو کراچی انڈسٹریل ایریا سیکٹر 12 ڈی کے قریب اپنی فیکٹری کے قریب پہنچے تو گھات لگائے ایک موٹر سائیکل پر سوار 2 ملزمان نے نائن ایم ایم پسٹل سے اندھا دھند فائرنگ کردی۔
ملزمان نے کار میں آگے کی نشست پر بیٹھے ہوئے 28 سالہ اسامہ مون پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں اسامہ کو ایک گولی الٹے ہاتھ سے چھوتی ہوئی پسلیوں میں پیوست ہوگئی اور نوجوان نے موقع پر ہی دم توڑ دیا جبکہ سلیم مون اور اس کے 2 بیٹے محفوظ رہے۔
ڈی ایس کے مطابق جائےوقوعہ سے نائن ایم ایم پسٹل کے 4 خول ملے ہیں خول تحویل میں لیکر فرانزک کے لیے بھیج دیئے گئے پولیس کے مطابق عینی شاہدیں کے مطابق گلی میں دو موٹر سائیکلیوں پر چار لڑکے تھے فائرنگ کرنے ملزمان کو ان کے ساتھی بیک اپ پر بھی تھے ملزمان کا سراغ لگانے کے لیے گلی اور اس کے اطراف کی سی سی فوٹیج بھی حاصل کی جارہی ہے کار کی ڈرائیونگ مقتول کا بھائی احمد مون کر رہا تھا سلیم مون اپنے بیٹوں کے ساتھ کار میں گھر سیدے فیکٹری پہنچے راستے میں کہیں نہیں روکے ۔
دوسری جانب سولجر بازار تھانے کی حدود میں قائم گرومندر بلیو ربن بیکری کے سامنے 8 سے 10 مسلح افراد نے گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کی جس میں راجو آئس کریم کا مالک اعجاز جاں بحق جبکہ ملازم عدیل شاہ زخمی ہوا۔
پولیس نے ابتدائی طور پر واقعے کو ذاتی دشمنی کا شاخشانہ قرار دیا ہے تاہم یہ بھی بتایا کہ گاڑی سے پندرہ خول ملے ہیں جن میں سے کچھ نائن ایم ایم باقی تیس بور کے ہیں۔ ایس ایس پی علینہ راجپر نے بتایا کہ گاڑی کو گھیر کر اُس پر اندھا دھند فائرنگ کی گئی۔