ایمان مزاری کی شادی، اسد طور کی مبارک باد

معروف نوجوان وکیل اور سوشل ایکٹویسٹ ایمان مزاری رشتہ ازدواج سے منسلک ہوگئیں، جس پر مشہور نوجوان صحافی اسد طور نے بھی انہیں مبارک باد پیش کی ہے۔

ایمان مزاری نے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اپنی تقریب کی تصاویر شیئر کی جس پر انہیں صارفین نے مبارک باد پیش کی۔

معروف وکیل کی شادی بھی اپنے ہی پیشے سے تعلق رکھنے اور انسانی حقوق کے مقدمات لڑنے والے وکیل عبد الہادی سے ہوئی ہے۔

انہوں نے بھی سماجی رابطے کی سائٹ پر ایمان مزاری کی تصویر کو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’میں نے اپنی زندگی کی ہمیشہ اور ہردم رہنے والی محبت سے شادی کرلی ہے‘۔

اسد طور نے ایمان کی شیئر کردہ تصویر پر لکھا کہ ’دونوں میرے پسندیدہ ہیں اور دونوں کیلیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں‘۔

ایمان مزاری کون ہیں؟

ایمان مزاری نے یونیورسٹی آف ایڈن برگ سے وکالت کی ڈگری حاصل کی اور پھر انہوں نے پاکستان میں آکر انسانی حقوق کے حوالے سے مقدمات لڑے۔ انہیں انسانی حقوق کی علمبرداری کے دوران خود بھی جیل کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

سابق وفاقی وزیر شیری مزاری کی صاحبزادی اور اُن کی والدہ میں سیاسی معاملات پر اختلاف ضرور رہا تاہم جب والدہ مشکل میں آئیں تو ایمان مزاری عدالت میں اپنی والدہ کا مقدمہ بھی لڑتی نظر آئیں۔

ذرائع نیوز کی ٹیم ایمان مزاری کو زندگی کی نئی شروعات کرنے پر نہ صرف مبارک باد پیش کرتی ہے بلکہ اُن کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کرتی ہے اور دعا گو ہے کہ اُن کی ازدواجی زندگی اچھے طریقے سے گزرے۔