کراچی: گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے ایک بار پھر متوسط اور غریب طبقے کو بڑی خوش خبری سنادی ہے۔
گلستان جوہر میں واقع مارکیٹوں کے دورے کے موقع پر گورنر سندھ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کرایے پر رہنے والوں کو 80 اور 120 گز کے پلاٹ دینے کے منصوبے پر کام شروع کردیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کرایے داروں کو پلاٹ دینے کے منصوبے کے حوالے سے مختلف سوسائٹیز سے بات کرلی ہے اور یہ منصوبہ عمل درآمد کی طرف بڑھ رہا ہے، پہلے مرحلے میں 600 کرایے داروں کو پلاٹ دیے جائیں گے۔
اس کے علاوہ گورنر سندھ نے یہ بھی اعلان کیا کہ اسٹریٹ کرائم میں موٹرسائیکل گنوانے والے 17 افراد کو موٹرسائیکل دیں گے اور پھر ہر تین مہینے بعد اس پروگرام کا انعقاد کیا جائے گا۔ کامران ٹیسوری نے یہ بھی بتایا کہ ایک صحت کے منصوبے پر کام مکمل کرلیا ہے جس کے بعد ہر شہری کو 10 لاکھ روپے تک مفت علاج کی سہولت دستیاب ہوگی تاہم یہ منصوبہ وزیراعلیٰ کے دستخط کیوجہ سے تعطل کا شکار ہے۔