نیوکراچی میں جھنڈا لگانے پر سیاسی جماعتوں میں‌ مسلح تصادم، 12 سالہ بچہ جاں‌ بحق

شہر قائد کے علاقے نیو کراچی میں جھنڈا لگانے پر سیاسی جماعتوں کے درمیان مسلح تصادم کے نتیجے میں 12 سالہ کمسن بچہ جاں بحق جبکہ تین زخمی ہوگئے۔

ذرائع کو ملنے والی اطلاع کے مطابق پی ایس نیو کراچی کی حدود سیکٹر الوین جے میں ایم کیو ایم اور پاکستان پیپلز پارٹی کے درمیان کارنر میٹنگ کے قبل جھنڈا لگانے کے معاملے پر تلخ کلامی ہوئی جس کے بعد ہاتھا پائی اور پھر اسلحے کا آزادانہ استعمال کیا گیا۔

نورانی مسجد کے قریب ہونے والے جھگڑے کے دوران فائرنگ کی زد میں بارہ سالہ عبدالرحمان ولد عبدالغفور آیا، جس کے ماتھے پر گولی لگی اور وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا، جبکہ واقعے میں تین زخمی ہوئے جن میں ایک بچہ بھی شامل ہے۔

عینی شاہدین نے ذرائع کے نمائندے کو بتایا کہ ایک جماعت کی طرف سے جدید ہتھیاروں سے فائرنگ کی گئی اور مسلح افراد نے اپنے چہروں پر ماسک لگا کر انہیں ڈھانپا ہوا تھا تاہم یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ وہ کس جماعت کے تھے۔

ایک عینی شاہد نے بتایا کہ ایم کیو ایم پاکستان کے کارکنان جھنڈا لگا رہے تھے جبکہ پیپلز پارٹی کے کارکنان نے انہیں ایسا کرنے سے منع کیا تھا، جس کے بعد پہلے تلخ کلامی ہوئی پھر لاٹھیوں اور ڈنڈوں کا آزادانہ استعمال کیا گیا۔

جھگڑے کے دوران موقع پر مقامی پولیس کی نفری موجود نہیں تھی، بعد ایس ایس پی سینٹرل خود موقع پر پہنچے، جس کے ساتھ رینجرز کی نفری اور تمام ایس ایچ اوز و دیگر افسران شامل تھے۔