مہاجر قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) حقیقی کے چیئرمین آفاق احمد نے مہاجر لفظ دفن کرنے والوں کو سرکاری ادارے کی حمایت حاصل ہے جنہوں نے ہمیں پائی پائی کا محتاج کردیا، عوام باہر نکل کر موم بتی کے نشان پر مہر لگا کر مہاجر امیدواروں کو کامیاب بنائے۔
آفاق احمد نے اپنے ایک بیان میں ووٹرز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مہاجر لفظ دفن کرنے کا وعدہ کرنے والوں کو ادارے سپورٹ کررہے ہیں کیونکہ یہ اُن ہی سرکاری اداروں کیلیے کام کرنا چاہتے ہیں۔
آفاق احمد نے کہا کہ انہوں نے میری الیکشن کی سرگرمیاں روکنے کے لیے سیاسی جلسے جلوس پر پابندی لگائی، میری پرنٹ الیکٹرونک میڈیا کوریج پر پابندی لگائی، سوشل میڈیا پہ میرے ساتھیوں کے اکاؤنٹ بند کروا دیے مگر کوئی بات نہیں جبکہ ان ہی لوگوں نے فخریہ تمسخر اڑا کے کہا کہ ہم نے آفاق کو باندھ دیا ہے، آفاق کو کوڑی کوڑی محتاج کر دیا ہے اور اُسے سیاسی اخراجات پورے کرنے یا تنظیم چلانے کیلیے اپنی گاڑیاں فروخت کرنا پڑ رہی ہیں۔
چیئرمین حقیقی نے کہا کہ یہ کوئی بہت بڑی بات نہیں ہے اگر مہاجر قوم کے لیے مجھے اپنے آپ کو بھی بیچنا پڑا تو مجھے اپنے آپ کو بیچنے میں کوئی عار محسوس نہیں کرتا۔
انہوں نے اپنے ووٹرز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہم بہت برے حالات میں اس وقت الیکشن لڑ رہے ہیں مالی طور پر ہم بہت ٹوٹے ہوئے ہیں، ہو سکتا ہے ہم آپ کو ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم نہ کر سکیں ممکن ہے کہ ہم آپ کو بہت ساری وہ سہولتیں جو الیکشن کے اندر درکار ہوتی ہے اور ہر ووٹر کو فراہم کر کے اس کو سہولت دے کر پولنگ اسٹیشن تک پہنچایا جاتا ہے فراہم نہ کر سکیں۔
آفاق احمد نے کہا کہ ممکن ہے ہم آپ کو وقت پر ووٹر پرچیاں نہ دے سکیں، ہمارے پاس لسٹیں خریدنے کے لیے بھی پیسے نہیں تھے، اللہ کے بعد مجھے مہاجر ماؤں بہنوں اور بزرگوں سے امید ہے کہ وہ حالات کو سمجھیں گے اور ووٹ کاسٹ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ میں اپنی قوم سے درخواست کرتا ہوں حالات کچھ بھی ہوں ہم آپ کو ٹرانسپورٹ فراہم کر سکیں یا نہ کر سکیں ہم آپ کو وقت کے اوپر پرچی بنا کے دے سکیں یا نہ دے سکیں اس لیے کہ ہمارے پاس اتنا سہولت میسر نہیں ہے جو سرکاری جماعت بہت بڑی قیمت ادا کر کے ایپلیکیشنز خریدتے ہیں، اس لیے میں درخواست کرتا ہوں تمام ووٹر سے جو آج قوم کے ووٹرز ہیں کہ وہ کہیں سے بھی پرچیاں بنوالیں، کسی بھی طرح پولنگ اسٹیشن پہنچ کر موم بتی پر مہر لگائیں اور مہاجر قوم کے نظریے سے خود کو جوڑ کر زندہ و متحد ہونے کا عملی مظاہرہ کریں۔
چیئرمین حقیقی نے کہاکہ یہ صرف آفاق کی جیت یا کسی شخص کی جیت نہیں بلکہ یہ قوم کی جیت ہے اگر ہم سب متحد ہو کر اپنی قوم کے لیے یکسوئی کے ساتھ موم بتی پر ووٹ ڈالیں۔