کراچی میں بے روزگاری کیوجہ سے کمسن بچوں کے ساتھ خودسوزی کرنیوالا پھل فروش چل بسا

شہر قائد کے علاقے نارتھ کراچی سیکٹر فائیو سی فور میں پھل فروش نے تین کمسن بچوں سمیت خودسوزی کرلی، پھل فروش زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔

پھل فروش عارف گھر سے اپنے تین بچوں کو کے کر آکلینڈ گراؤنڈ گیا جہاں اس نے پہلے پانچ سالہ جویریہ، چار سالہ ایمان فاطمہ اور تین سالہ غلام حسین پر باری باری پیٹرول چھڑکا اور آگ لگائی۔

اس کے بعد سیکنڈز میں عارف نے خود پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگائی۔ بچوں کا شور شرابہ سن کر علاقہ مکین موقع پر پہنچے اور پولیس کے ساتھ ریسکیو ادارے کو  واقعے سے آگاہ کیا۔

ںعد ازاں چھیپا رضاکاروں نے چاروں زخمیوں کو سول اسپتال کے برنس وارڈ منتقل کردیا جہاں عارف اور ایک بچی کی حالت کو ڈاکٹرز نے تشویشناک قرار دیا ہے۔

ایس ایس پی سینٹرل ذیشان صدیقی کے مطابق عارف کی دو شادیاں تھیں اور اکثر گھر میں جھگڑا رہتا تھا۔

پولیس نے دونوں بیگمات کے بیانات بھی قلمبند کرلیے ہیں جبکہ بچوں کی حالت سنبھلنے کے بعد انکا بھی بیان ریکارڈ کیا جائے گا۔

پولیس کے مطابق بچے مکمل ہوش و ہواس میں نہیں ہیں۔ جبکہ عارف دوران علاج دم توڑ گیا ہے۔