کراچی : سندھ سے سینیٹ کی جنرل نشست کے آزاد امیدوار فیصل واؤڈا کے کاغذات نامزدگی بھی جمع ہوگئے، جس میں تجویز و تائید کنندہ ایم کیو ایم کے دو اراکین اسمبلی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنما، وفاقی وزیر و سینیٹر فیصل واؤڈا نے آزاد امیدوار کے طور پر سندھ سے سینیٹ کی جنرل نشست پر کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔
فیصل واؤڈا کو آزاد حیثیت سے الیکشن لڑنے کیلیے قانون کے مطابق تجویز و تائید کنندہ کی ضرورت تھی اور ان کا رکن سندھ اسمبلی ہونا بھی ضروری تھا۔
اس سلسلے میں ایم کیو ایم کے دو اراکین اسمبلی اُن کے تجویز و تائید کنندہ بنے ہیں جس کی تصدیق اور ناموں کی تصدیق فیصل واؤڈا نے خود کردی۔
فیصل واؤڈا نے کہا کہ وہ کسی پارٹی کے امیدوار نہیں تاہم اُن کے نامزدگی فارم پر ایم کیو ایم کے رکن سندھ اسمبلی و اپوزیشن لیڈر علی خورشیدی اور عادل عسکری تجویز و تائید کنندگان ہیں۔
ذرائع کو ملنے والی اطلاع کے مطابق فیصل واؤڈا سندھ سے جنرل نشست پر پاکستان پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم کے مشترکہ امیدوار کی حیثیت سے الیکشن لڑیں گے اور اُن کے کامیابی کے امکانات بھی روشن نظر آرہے ہیں۔
سینیٹ انتخابات کا پہلے مرحلہ مکمل ہوگیا، آخری روز پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم پاکستان، سنی اتحاد کونسل اور آزاد ارکان نے نامزدگی فارم جمع کرائے، الیکشن کمیشن کو مجموعی طور پر 35 فارم موصول ہوئے، کاغذات جمع کرانے والوں میں آزاد امیدوار فیصل وا=ڈا بھی شامل ہیں جن کے تجویز و تائید کنندہ ایم کیو ایم کے اراکین سندھ اسمبلی ہیں، آج سینیٹ امیدواروں کی ابتدائی فہرست جاری کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق سندھ میں سینیٹ کے 7 جنرل 2 خواتین، 2 ٹیکنوکریٹ اور 1 اقلیت کی نشست پر کاغذات نامزدگی وصول اور جمع کرانے کا مرحلہ مکمل ہوگیا،
سندھ کی جنرل نشست پر محمد نجیب ہارون، محمد ابوبکر، محمد عبدالرؤف صدیقی، شبیر احمد قائم خانی، عامر ولی الدین چشتی، ہمایوں سلطان، اشرف علی جتوئی، سید مسرور احسن، سید کاظم علی شاہ، سرفراز راجڑ، ندیم احمد بھٹو، جاوید احمد نایاب، دوست علی جیسر، عبدالوہاب، گنور علی خان اسران، عامر دھامراہ، علی طاہر، میر راجہ خان جاکھرانی، شہباز ظہیر اور نگہت مرزا نے کاغذات جمع کرائے ہیں۔
ٹیکنو کریٹ کی نشست کے لیے ضمیر حسین گھمرو، سرمد علی، کریم احمد خواجہ، منظور احمد بھٹہ، عبدالوہاب۔ خواتین کی نشست پر قرۃ العین مری، روبینہ قائم خانی، یاسمین دادا بھائی، مسرت نذیر نیازی، سبینا پروین، مہہ جبین ریاض اوراقلیت کی نشست کے لیے پونجومل، سریندر ولاسائی اور بھگوان داس امیدوار ہیں۔
آج 17 مارچ کو امیدواروں کی ابتدائی فہرست جاری کی جائے گی جبکہ 19 مارچ تک کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال ہوگی، 21 مارچ تک کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد ہونے کے خلاف اپیلیں دائر کی جاسکیں گی، 25 مارچ تک ٹریبونل کی جانب سے ان اپیلوں پر فیصلے ہوں گے، 26 مارچ کو امیدواروں کی نظر ثانی فہرست جاری کی جائے گی، 27 مارچ تک امیدوار دستبردار ہوسکتے ہیں۔ 2 اپریل کو سندھ اسمبلی میں سینیٹ کی ان 12 نشستوں کے لیے پولنگ ہوگی۔