شہر قائد کے ضلع کیماڑی میں قائم سائٹ بی تھانے کی حدود گلبائی کے قریب فائرنگ سے حساس ادارے کا افسر ڈکیتی مزاحمت پر زخمی ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق سائٹ بی تھانے کی حدود گلبائی پل کے قریب ڈاکوؤں کی فائرنگ سے حساس ادارے کا افسر شدید زخمی ہوگیا۔ ایس ایچ او سائٹ بی حیات خان کا کہنا ہے کہ حساس ادارے کے افسر سعد شیخ حب میں کمپنی کمانڈر تعینات تھے۔
انہوں نے بتایا کہ مضروب گلبائی کے راستے افطاری کرنے سپرہائی وے جارہے تھے کہ راستے میں سعد شیخ کی موٹر سائیکل خراب ہوگئی اور تقریبا افطار سے قبل تقریباً 6 بجے مسلح ملزمان نے سعد شیخ سے موٹر سائیکل چھیننے کی کوشش کی اور مزاحمت پر سعد شیخ کو تین سے چار گولیاں مار کر زخمی کردیا۔
ایس ایچ او سائٹ بی حیات خان نے مزید بتایا کہ ایک موٹر سائیکل پر سوار دو مسلح ملزمان نے حساس ادارے کے افسر سے ڈکیتی مزاحمت کی کوشش کی ، اس دوران ملزمان نے حساس ادارے کے افسر کے پاس اسلحہ بھی دیکھ لیا اور پھر مزاحمت پر سعد شیخ کو شدید زخمی کردیا جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
واقعے کا مقدمہ 75/24 سائٹ بی تھانے میں درج کرلیا گیا ہے جبکہ جائے وقوعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لیا جارہا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اب تک ملزمان کی شناخت یا گرفتاری میں پیش رفت نہیں ہوسکی ہے ۔
واضح رہے کہ شہر قائد میں ڈکیتوں کی جانب سے مزاحمت پر رواں سال کے 92 روز میں 50 شہریوں کو قتل کردیا گیا جبکہ رمضان کے 21 روز میں 11 شہریوں کی زندگیاں چھین لی گئیں ہیں۔
اس کے علاوہ ڈکیتوں کی فائرنگ سے سیکڑوں شہری زخمی ہوگئے جبکہ درجنوں معذور بھی ہوچکے ہیں۔