شکار پور کے کچے کے علاقے گاہیجا تھانے کی حدود میں کچے کے ڈاکوؤں نے پاک فوج کی وین میں بیٹھے 17 اہلکاروں کو لوٹ لیا۔
امت اخبار کی رپورٹ کے مطابق کچے کے علاقے میں قائم تھانہ گاہیجا کی حدود میں کچے کے ڈاکوؤں نے خضدار سے بذریعہ سڑک پنجاب جانے والی فوج کی وین کو روک کر لوٹ مار کی۔
واقعہ ٹاؤن مدیحی کے قریب پیش آیا اور جدید اسلحے سے لیس مسلح ڈاکوؤں نے پوری گاڑی کو سکون سے لوٹا اور اہلکاروں کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا۔
گاڑی میں سوار عادل، جاوید، ذیشان، محبوب، حیدر، زاہد اور عرفان سمیت 17 فوجی اہلکاروں کو ڈاکوؤں نے موبائل فونز اور لاکھوں روپے نقدی سے محروم کردیا۔
پولیس نے واقعے کی اطلاع موصول ہونے کے بعد جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور شواہد اکھٹے کر کے تفتیش شروع کردی تاہم چوبیس گھنٹے گزر جانے کے باوجود کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔
شکار پور کے علاقے ناپر کوٹ کے قریب ڈاکوؤں نے سرچ آپریشن کے دوران پولیس وین پر راکٹ لانچر فائر کیا جس کے نتیجے میں گاڑی تباہ جبکہ دو اہلکار زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ ٹرک ڈرائیور علی رضا بازیاب ہوکر گھر پہنچ گیا جس کے اغوا کے بعد رہائی کے لیے ڈاکوؤں نے پچاس لاکھ روپے تاوان مانگا تھا۔ ڈرائیور کو دوران اغوا تشدد کا نشانہ بنایا گیا جس کے جسم پر نشانات موجود ہیں جبکہ دوسرا ڈرائیور مدثر صدیق تاحال ڈاکوؤں کی قید میں ہے۔