متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی مرکزی کمیٹی نے ڈسپلنری ایکشن لیتے ہوئے سابق رکن صوبائی اسمبلی صداقت حُسین کی تنظیم کی بنیادی رکنیت معطل کردی ہے۔
اپنے ایک بیان میں ترجمان ایم کیو ایم پاکستان نے کہا ہے کہ آج صبح اورنگی ٹاؤن کے اسکول میں پیش آنے والے واقع کی شفاف تحقیقات کیلئے مرکزی کمیٹی نے صداقت حُسین کی رکنیت معطل کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم پاکستان نقل مافیا کے خلاف سب سے مضبوط آواز ہے اور اپنے کسی بھی کارکن، ذمہ دار یا رکن اسمبلی کو یہ اجازت نہیں دیتی کہ وہ کسی غیر قانونی سرگرمی کا حصہ بنے یا پھر سرکاری کام میں مداخلت کا باعث بنے۔
ایم کیو ایم پاکستان کی مرکزی کمیٹی نے اسکول واقع کا نوٹس لیتے ہوئے ایک تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی ہے جس کی فائنڈنگ سے بذریعہ میڈیا آگاہ کردیا جائے گا۔
واضح رہے کہ ایم کیو ایم کے سابق رکن اسمبلی اورنگی ٹاؤن کے ایک اسکول میں میٹرک کے امتحان کے دوران پہنچے اور انہوں نے ٹیچر کو نقل کی اجازت نہ دینے پر ہراساں کیا جبکہ ان کے ہمراہ دیگر لوگوں نے چپکے سے ویڈیو بنانے والے شہری کو تشدد کا نشانہ بنایا اور فوٹیج ڈیلیٹ کرنے کی کوشش بھی کی
تاہم اس سارے منظر کی ریکارڈ کی گئی ویڈیو سامنے آگئی جس میں صداقت حسین کو دھمکیاں دیتے اور ہراساں کرتے سنا جاسکتا ہے۔