پاکستان پیپلزپارٹی کی جانب سے شہر قائد کے نوجوانوں میں کھیلوں کی سرگرمیاں اجاگر کرنے کیلیے تین روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا۔
کراچی کے علاقے ناظم آباد کے عید گاہ گراؤنڈ میں وزیراعلیٰ کے مشیر نجمی عالم کے بھائی شہید نجیب عالم کے نام سے تین روزہ ٹیب بال کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا۔
اس ٹورنامنٹ کا خیال رضا قادری کی جانب سے پیش کیا گیا اور انتظامی امور پیپلزپارٹی اسٹوڈنٹ فیڈریشن نے سنبھالے۔
افتتاحی تقریب میں مشیر وزیراعلیٰ سندھ نجمی عالم اور پیپلز یوتھ آرگنائزیشن کے سابق صدر و رہنما پی پی رؤف ناگوری بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے جنہوں نے کراچی میں کھیلوں کے میدانوں کو ایک بار پھر سے آباد کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
نجمی عالم نے کہا کہ ناظم آباد گراؤنڈ نے بڑے بڑے کھلاڑی پیدا کیے، آج اس بات کی خوشی ہورہی ہے کہ شہر لسانیت سے باہر نکل گیا اور اب یہاں کے نوجوان کھیلوں کی طرف مائل ہورہے ہیں۔
ایونٹ کے پہلے روز پیپلز اسٹوڈنٹ فیڈریشن اور پیپلز یوتھ آرگنائزیشن کے درمیان اعزازی میچ کھیلا گیا، پی ایس ایف کی قیادت نجمی عالم جبکہ یوتھ آرگنائزیشن کی قیادت رؤف ناگوری نے کی۔
تین روزہ ٹورنامنٹ میں کراچی بھر سے 16 ٹیموں نے حصہ لیا اور نارتھ کراچی کی ٹیم فاتح قرار پائی جسے فائنل میں ٹرافی کے ساتھ 1 لاکھ پچاس ہزار روپے نقد انعام بھی دیا گیا۔
اختتامی تقریب میں پی پی رہنما وقار مہدی، سینیٹر مسرور احسن، نجمی عالم اور رؤف ناگوری نے شرکت کی اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی بھی کی۔ پی پی رہنما وقار مہدی نے ایونٹ کی کامیابی پر رضا قادری اور اُن کی ٹیم کی تعریف کرتے ہوئے انہیں شاباش بھی دی۔
ٹورنامنٹ میں شرکت کرنے والے کھلاڑیوں نے ایونٹ کے انعقاد اور کامیابی پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے ایسی سرگرمیوں کا انعقاد جاری رکھنے کی امید ظاہر کی ہے۔ کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ ایونٹ کے انتظامی معاملات سے لے کر فائنل تک ہر چیز بہت اچھی اور بہتر تھی۔
فاتح ٹیم کے کپتان نے ایونٹ کو شاندار قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس قسم کے ٹورنامنٹ کے انعقاد سے نہ صرف نئے کھلاڑی سامنے آئیں گے بلکہ نوجوانوں میں کرکٹ کا رجحان بھی بڑھ جائے گا۔
اُدھر سوشل میڈیا پر بھی اس ایونٹ کی خوب گونج رہی اور ایکس پر پابندی کے باوجود دو روز ایونٹ ٹاپ ٹین میں شامل رہا جبکہ آخری روز تو پی ایس ایف کے ایس ایونٹ کے ہیش ٹیگ #PSFEventByRazaQadri نے پہلی پوزیشن بھی حاصل کی۔