کراچی : پرانی سبزی منڈی کے قریب واقع تفریحی پارک (عسکری پارک) میں جھولا گرگیا، جس کےباعث دس سالہ کشف اور 16 سالہ نوجوان بچی جاں بحق ہوا جبکہ 18 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے پرانی سبزی منڈی پر قائم عسکری پارک میں جھولا گرنے کا واقعہ گزشتہ روز پیش اآیا، حادثے میں ایک دس سالہ بچی جاں بحق اور اٹھارہ سے زائد افراد زخمی ہوگئے، مذکورہ بچی کا نام کشف ولد عبدالصمد ہے۔
عینی شاہدین نے انتظامیہ کو وقوعہ کا قصور وار ٹھہرایا کیونکہ جھولا گرنے کے بعد عملہ پارک چھوڑ کر فرار ہوگیا تھا، حادثے کی اطلاع جنگل میں آگ کی طرح پھیلی جس کے بعد ریسکیو ٹیمیں، رینجرز اور پولیس نے جائے وقوعہ پہنچ کر متاثرہ افراد کو جھولے کے نیچے سے نکال کر اسپتال منتقل کیا۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ جھولا چلتے ہوئے گرا ہے،اس کی تمام سیٹیں بھری ہوئی تھیں، جبکہ ذرائع کا کہنا ہے کہ جب سے پارک کھلا ہے تب سے جھولوں کی مینٹیننس نہیں ہوئی اور نہ ہی اس کے اطراف کوئی حفاظتی اقدامات کیے گئے تھے۔
ایڈینشنل جنرل سندھ پولیس ( آئی جی) نے سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) ایسٹ کو فوری ریسکیو اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ زخمیوں کو فوری طبی امداد کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
ایس پی گلشن مرتضی بھٹو نے بتایا کہ جھولا گرنے کی تحقیقات شروع کردیں، واقعہ کی تحقیقات کیلیے عسکری پارک کی انتظامیہ کو طلب کرلیا گیا، غفلت برتنے والے عملے اور ذمہ داران کیخلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
یاد رہے کہ تفریحی پارک کو عوام کیلئے عیدالفطر پر کھولا گیا تھا۔
نگراں وزیر اعلیٰ سندھ فضل الرحمان نے واقعے کا نوٹس لے لیا
نگراں وزیراعلٰی سندھ فضل الرحمان نے کہا کہ حادثے سے متعلق تھوڑی دیر پہلے کمشنر نے آگاہ کیا، کمشنر کو کہا ہے کہ 3روزمیں مجھے تفصیلی رپورٹ پیش کریں۔
نگراں وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ انتظامیہ کو مذکورہ پارک سمیت سندھ بھر کے پارک اور جھولے بند کرنے کا کہہ دیا ہے، کراچی سمیت پورے سندھ کے پارکس کی جانچ پڑتال ہوگی۔
میئر کراچی نے وسیم اختر کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کے حکم کی وجہ سے بلدیاتی عملہ معطل ہے، انہوں نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ پارک کب کس کے ہاتھ میں دیا گیا مقامی انتظامیہ کو کچھ نہیں بتایا گیا۔
خبر کو عام عوام تک پہنچانے میں ہمارا ساتھ دیں، صارفین کے کمنٹس سے ادارے کا کوئی تعلق نہیں ہے۔