اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف سے مولانا فضل الرحمان نے اتحاد تنظیم المدارس کے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔
ملاقات میں مفتی تقی عثمانی، مفتی منیب الرحمن، علامہ ساجد میر بھی شریک ہوئے۔ذرائع کے مطابق علماء کرام نے دینی مدارس سے متعلق مسائل پر وزیر اعظم کو آگاہ کیا۔وزیراعظم نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ علماء دہشتگردی و انتہاپسندی اور مذہبی منافرت کے خاتمہ کے لئے اپنا کردار ادا کریں، سیاسی و عسکری قیادت ملک کو دہشتگردوں سے پاک کرنے کے لئے پرعزم ہے۔
وزیراعظم نے کورونا کی صورتحال پر جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے پاکستان میں کورونا کی صورتحال قابو میں ہے،5 سے 12 سال کے بچوں کی 100 فیصد ویکسی نیشن کو ہنگامی بنیادوں پر یقینی اور پاکستان کی سرحدوں اور ہوائی اڈوں پر آمدورفت پرا سکریننگ کو مزید مؤثر بنایا جائے۔وزیراعظم نے کہا سرحدوں اور ہوائی اڈوں پر اسکریننگ کے نظام کی تھرڈ پارٹی جانچ پڑتال کرکے رپورٹ پیش کی جائے۔
وزیراعظم نے کہا پاکستان میں پچھلے 15 ہفتوں میں کورونا سے ایک بھی موت نہ ہونا خوش آئند امر ہے، مجھ سمیت پوری قوم ویکسین عطیہ کرنے والے ممالک کی شکرگزار ہے، کورونا انفیکشن کی کم شرح خوش آئند ہے مگر ہمیں ہر وقت تیار رہنا ہوگا۔
