لاہور: نواب آف بہاولپور نواب صلاح الدین عباسی نے حکومت کو بہاولپور کو صوبے بنانے کی ڈیڈ لائن دے دی ان کا کہناہے کہ حکومتی مدت ختم ہونے سے قبل بہاولپور صوبہ بحال کیا جائے۔
نجی ٹی وی کے مطابق نواب آف بہاولپور نواب صلاح الدین عباسی کا کہناہے کہ بہاولپور صوبے کی بحالی تین دن میں ممکن ہے،حکومت نے پنجاب اسمبلی کی قرارداد پر فوری عمل نہ کیا تو مزاحمتی تحریک چلائیں گے۔
اُن کا کہنا تھا کہ تین روزمیں صوبےکی بحالی ممکن ہے اگر حکومت نے ہمارے مطالبے کو تسلیم نہیں کیا تو 30 مئی کے بعد صوبے کی بحالی کے لیے تحریک چلائیں گے۔
واضح رہے کہ نواب آف بہاولپور کا عہدہ صلاح الدین محمد عباسی کے پاس ہے جو مشرقی پنجاب احمد پور کی پارلیمنٹ کے رکن بھی رہ چکے ہیں، آپ بہاولپور نیشنل عوامی پارٹی کے سربراہ بھی ہیں۔
اس موقع پر مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مسلم لیگ ق کے رہنما طارق بشیر چیمہ کا کہنا تھا کہ ہم بہاولپور صوبے کی حمایت کا غیر مشروط اعلان کرتے ہیں، 18 مئی کو رحیم یار خان اور 25 مئی کو بہاولنگر میں جلوس نکالیں گے، اب حکومت سے صوبے کی بحالی کے بعد ہی کوئی اور بات ہوگی۔
اُن کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب کا صوبہ قبول نہیں، اب بہاولپور کے عوام کی آنکھوں میں حکمران دھول جھونکنے کی کوشش نہ کریں کیونکہ ہمارے مسائل کو لاہور اور جنوبی پنجاب والے سننے کو تیار نہیں ہیں، پانی کی غیر منصفانہ تقسیم کی وجہ سے بہاولپور میں پانی کا ایک قطرہ تک موجود نہیں ہے۔
طارق بشیر چیمہ نے اعلان کیا کہ بہاولپور صوبے کی بحالی کے لیے ایسا اتحاد بنائیں گے جس کے کوئی ذاتی یا سیاستی مفادات نہ ہوں بلکہ وہ لوگ عوامی آواز کے ساتھ کھڑے ہوں، نئے صوبے کی تحریک کا آغاز ملکی ترقی کے نئے باب کھولے گا۔
خبر کو عام عوام تک پہنچانے میں ہمارا ساتھ دیں، صارفین کے کمنٹس سے ادارے کا کوئی تعلق نہیں ہے۔
