کراچی:اورنگی ٹاؤن میں شہریوں نے ڈاکو ماردیا،گلستان جوہرفائرنگ سے ڈاکو ہلاک ہوگیا،اقبال مارکیٹ تھانے کے علاقے اورنگی ٹاؤں سیکٹرساڑھے 11 خلیل مارکیٹ میں 2 ڈکیت کباڑکی دکان میں لوٹ مارکرکے فرارہو رہے تھے کہ شہریوں نے دونوں کو پکڑ لیا اور تشدد کا نشانہ بنایا جس سے ایک ڈاکو موقع پرہلاک ہوگیا جبکہ دوسرے کو پولیس نے حراست میں لیکرشدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کردیا۔
عباسی شہید اسپتال میں ہلاک مبینہ ڈاکو کی شناخت 30 سالہ احمد کے نام سے ہوئی جبکہ 22 سالہ زبیررؤف زیرعلاج ہے،پولیس نے مشتبہ ڈاکوؤں کے قبضے سے ایک موٹرسائیکل بھی برآمد کی جو حال ہی میں گلشنِ اقبال سے چھینی گئی تھی۔علاوہ ازیں اتوارکی صبح گلستان جوہربلاک 13 رابعہ سٹی کے قریب فائرنگ سے ایک شہری زخمی ہوگیا جبکہ ایک مبینہ ڈاکو ہلاک ہوگیا زخمی شہری اورہلاک مبینہ ڈاکو کی لاش جناح اسپتال منتقل کی گئی جہاں زخمی شہری کی شناخت 45 سالہ عامرنسیم کے نام سے کی گئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ زخمی شہری اوراسکے دوست نے مبینہ ڈاکو کوشناخت کرلیا،ہلاک مبینہ ڈاکو کے اہلخانہ بھی جناح اسپتال پہنچ گئے اورمبینہ ڈاکو کی شناخت زبیرکے نام سے ہوئی جو پہلوان گوٹھ کا رہائشی تھا،ہلاک ڈاکو کے قبضے سے اسلحہ بھی ملا لیکن یہ معلوم نہیں ہوسکا ڈاکو کس کی فائرنگ سے ہلاک ہوا۔
