’’سارے سلیکٹڈ جلد گھر جائیں گے‘‘

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے این اے 265 سے جیتنے والے امیدوار اور قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری کے حلقے میں ہونے والے الیکشن کو جعلی قرار دیتے ہوئے دوبارہ انتخابات کرانے کا حکم جاری کردیا۔

کوئٹہ الیکشن ٹریبونل کی جانب سے جاری ہونے والے فیصلے کے مطابق حلقے میں ایک لالکھ چودہ ہزار میں سے 65 ہزار سے زائد غیر تصدیق شدہ ووٹ ڈالے گئے، جن کی تصدیق نہیں ہوسکی اور یہ ووٹ قاسم خان سوری کے حق میں تھے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے حلقے میں فوری الیکشن کا حکم جاری کردیا۔

یاد رہے کہ قاسم خان سوری نے ایوان میں لفظ سیلیکٹڈ پر پابندی عائد کی تھی، اُن کا کہنا تھا کہ اپوزیشن اراکین یہ لفظ کی ادائیگی جان بوجھ کر کرتے ہیں تاکہ وزیراعظم عمران خان کی توہین کی جائے۔

الیکشن ٹریبونل کا فیصلہ آنے کے بعد مسلم لیگ ن کی رکن اسمبلی حنا پرویز بٹ نے ٹویٹ میں لکھا کہ آج سمجھ آیا وزیراعظم کو سلیکٹڈ کہنے پر قاسم سوری کیوں غصہ ہوجاتے تھے۔

پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ٹویٹ میں کہا کہ ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری جنہوں نے نیشنل اسمبلی میں لفظ سلیکٹڈ پر پابندی عائد کی وہ 65 ہزار غیر تصدیق شدہ ووٹ سے نااہل قرار دے دیے گئے، وہ حقیقت کو دبا نہیں سکتے، اب جلد ہی سارے سلیکٹڈ گھر جائیں گے۔