ریاض: امام کعبہ شیخ عبد الرحمان السدیس نے کہا ہے کہ صحافیوں کو پیشہ وارانہ اعتبار سے ضابطہ اخلاق تیار کر کے میڈیا کے ذریعے اسلام مخالف مہم کا ڈٹ کر مقابلہ کرنا چاہیے۔
مکہ مکرمہ ( محمد اکرم اسد ) مسجد الحرام کے امام و خطیب شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے فرزندان اسلام سے کہا کہ وہ رمضان المبارک کے آخری عشرے کے باقی ماندہ ایام توبہ و مغفرت طلبی میں گزاریں۔
ظاہر و باطن ہر حال میں خدا ترسی کامظاہرہ کریں۔ انہوں نے ماہرین فلکیات کی رپورٹوں کے مطابق رمضان المبارک کے آخری جمعہ کا خطبہ دیتے ہوئے آخری عشرے سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے کا مکمل پروگرام بھی حاضرین حرم کو پیش کیا۔
امام السدیس نے ایمان افروز روحانی ماحول میں جمعہ کا خطبہ دیتے ہوئے صحافیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ حضرات پیشہ ورانہ ضابطہ اخلاق تیار کریں، اسلامی انسانی اقدار اور اصولوں کی حفاظت کریں، اسلام اور اس کے پیرو کاروں کیخلاف نفرت انگیز میڈیا مہم کا ڈٹ کر مقابلہ کریں۔
اسلامی میڈیا کو موثر بنائیں۔ اسلامی ذرائع ابلاغ کو نظریات اور سرگوشی کی دنیا سے نکال کر موثر او ر عملی دنیا میں لائیں۔ امام حرم نے کہا کہ ان دنوں امت مسلمہ اپنی تاریخ کے شاندار، مبارک ایام سے گزر رہی ہے۔
رمضان کا آخری عشرہ رحمتوں اور برکتوں کا موسم بہار ہے۔ چند روز قبل ہی ہم رمضان کا چاند دیکھنے کی تیاری کررہے تھے۔ بے صبری سے اس ماہ مبارک کا انتظار تھا اور اب چند روز بعد ہم رمضان المبارک کو الوداع کہنے پر مجبور ہوجائیں گے۔ ہمیں ا للہ تعالیٰ سے بہترین اجر کی توقع ہے۔
امام حرم نے کہا کہ مبارکباد کے قابل ہیں وہ لوگ جو رمضان کی ساعتوں سے فائدہ اٹھا کر فرائض اور نوافل زیادہ سے زیادہ ادا کرنے کا اہتمام کررہے ہیں۔ وقت کم ہے، باقی ماندہ ایام میں جتنی بھی محنت کی جاسکتی ہے کی جائے۔
امام حرم نے کہا کہ رمضان کے آخری عشرے کو اللہ تعالیٰ نے شب قدر کی انمول نعمت سے سرفراز کررکھا ہے۔ تمام مسلمان اللہ تعالیٰ سے توبہ ، مغفرت طلبی اور اچھے کام کرکے شب قدر کی تلاش کا اہتمام کریں۔ امام حرم نے توجہ دلائی کہ رمضان رحمدلی اور دلوں کو صاف کرنے والا مہینہ ہے۔
امام حرم نے کہا کہ پوری امت کو ماضی کے کسی بھی وقت کے مقابلے میں ان دنوں اللہ تعالیٰ کی زیادہ تابعداری اور فرمانبرداری کی اشد ضرورت ہے۔ دوسری جانب مدینہ منورہ میں مسجد نبوی شریف کے امام و خطیب شیخ علی الحذیفی نے واضح کیا کہ مسلمانوں کے حالات کی اصلاح کا فارمولہ قرآن و سنت پر عمل کے سوا کوئی اور نہیں۔ رمضان کے باقی ماندہ ایام سے بھرپور فائدہ اٹھایا جائے۔ اللہ تعالی کو راضی کرنے والے کام کئے جائیں اور اللہ پاک کو ناراض کرنے والوں سے بچا جائے۔ شب قدر تلاش کرنے کیلئے جتنی جدوجہد کی جاسکتی ہے کی جائے۔
خبر کو عام عوام تک پہنچانے میں ہمارا ساتھ دیں، صارفین کے کمنٹس سے ادارے کا کوئی تعلق نہیں ہے۔
